ایوان صدر کے نام اعزاز،دنیا کی پہلی گرین پریزیڈنسی بن گئی

4greenpresialvi.jpg

ایوان صدر کو بڑے اعزاز سے نواز دیا گیا، دنیا کی پہلی گرین پریزیڈنسی بن گئی، ایوان صدر میں گرین پریزیڈینسی اور آئی ایس او 50001سرٹیفیکیشن کے حوالے سے تقریب ہوئی، تقریب سے خطاب میں صدر عارف علوی نے کہا کہ گرین پریزیڈنسی منصوبے سے قومی خزانے کو 72.5 ملین روپے کی بچت ہوگی،جبکہ اس سے 35 فیصد توانائی بچائی جاسکے گی،منصوبے سے مکمل طور پر ایوانِ صدر کی توانائی کی ضروریات کو شمسی توانائی سے پورا کیا جاسکے گا۔

صدر علوی نے مزید کہا کہ اس اقدام سے سالانہ 3144 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کو ماحول میں شامل ہونے سے روکا جاسکتا ہے،جس سے ماحول کی بہتری میں مدد ملے گی،کیونکہ ماحولیاتی مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات کی ضرورت ہے،لوگوں میں اس حوالے سے شعور پیدا کرنے اور آگاہی کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔


پانی کے تحفظ اور وسائل کے ضیاع کے بارے میں پیغمبر اسلام ﷺکی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے صدر نے توانائی کے تحفظ کے لیے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس طرح کے اقدامات اپنائیں جس سے ماحولیاتی صٖفائی اور پانی کا ضیاع روکا جاسکے۔

بارسلونا کی مثال دیتے ہوئے صدر نے عمارتوں کی چھتوں کو شجرکاری یا سولر پینلز کے استعمال پر بھی زور دیا،انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے ایوان صدر میں میاواکی جنگل بھی تیار کیا جا رہا ہے،صدر عارف علوی نے 2018 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سیکریٹریٹ کے توانائی کے استعمال کو کم کرنے اور اسے قابل تجدید توانائی کے ذرائع میں منتقل کرنے کے لیے گرین پریذیڈنسی قائم کی تھی۔

ایسوسی ایشن آف انرجی انجینئرز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بل کینٹ نے اپنے ورچوئل خطاب میں صدر عارف علوی اور ان کی ٹیم کو ایوان صدر کو دنیا کی پہلی گرین پریزیڈینسی کا سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد دی،انہوں نے کہا کہ یہ سرٹیفیکیشن پاکستان کی صاف توانائی اور توانائی کی کارکردگی کے اہداف کو حاصل کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے،پاکستان توانائی کے وسائل سے مالا مال ہے،اگر اس کا مکمل استعمال کیا جائے تو یہ ملک عالمی معیشت میں اپنا حصہ ڈال سکتا ہے۔