عمران خان کی نااہلی کیلئے 25 جنوری تک ملتوی ہونیوالی درخواست اسی ماہ 20 دسمبر کو مقرر کردی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کور کرنیوالے صحافی کے مطابق عمران خان کے خلاف مبیینہ بیٹی ٹیریان وائٹ نااہلی کیس جس کی سماعت پہلے 25 جنوری تک ملتوی ہوئی تھی ، اسے جلدی سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا اور اب کیس کی سماعت 20 دسمبر بروز منگل کو ہوگی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 9 دسمبر کو کیس کی سماعت ملتوی کی تھی اور پری ایڈمیشن نوٹس کے تحت اس کیس میں عمران خان سے دو ہفتوں میں جواب طلب کیا تھا جبکہ دو ہفتے پورے ہونے سے قبل ہی کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے اس اچانک اقدام پر سوالات اٹھ رہے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ عمران خان کا جواب آنے سے قبل ہی اتنی جلد بازی میں سماعت کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
یہ سوال بھی اٹھ رہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ اس سے قبل دو بار شہری کی پٹیشن قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیتا ہے اور پھر بجائے فیصلہ سنانے کے کیس دوبارہ کھول دیا جاتا ہے، کیا اس کیس کو کسی مخصوص مقصد کیلئے استعمال کیا جارہا ہے؟
ساجد نامی شہری نے عمران خان کی نا اہلی کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
عدالت نے تمام فریقین سے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کر لئے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں اپنی بیٹی ٹیریان سے متعلق معلومات چھپائیں، عمران خان صادق اور امین نہیں رہے لہٰذا انہیں بطور رکن اسمبلی نا اہل قرار دیا جائے۔