پاکستان پیپلزپارٹی نے آئندہ انتخابات کیلئے سیاسی جوڑ توڑ تیز کردیئے ہیں، اہم سیاسی جماعت کے سابق وزراء اور ارکان اسمبلی سے پارٹی میں شمولیت کیلئے رابطے شروع کردیئے ہیں۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کے اراکین اسمبلی وسابق وزراء کی جانب سے جلد پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان سامنے آنے کی توقع کی جارہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی(باپ) کے مختلف اراکین نے پیپلزپارٹی کی قیادت سے رابطے کرکے پارٹی میں شمولیت میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، رابطہ کرنے والے رہنماؤں میں میر سلیم کھوسہ، میر ظہور بلیدی، میر عاصم گرکیلو اور عارف جان محمد حسنی شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ باپ کے ارکان کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے حوالے سے میر ظہور بلیدی کے پیپلزپارٹی کی قیادت سے معاملات آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں، دونوں فریقین میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ سمیت دیگر معاملات پر بات چیت ہورہی ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آغا شکیل درانی، میر عاصم کردگیلو، رؤف رند اور میر اصغر رند ، عارف جان محمد حسنی، اور میر سلیم کھوسہ کے ساتھ بھی رابطے ہیں،ان رہنماؤں کے ساتھ بھی پیپلزپارٹی کی شمولیت کے حوالے سے معاملات آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں۔