وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جی 13 سیکٹر 4 میں ڈکیتی مزاحمت پر 21 سالہ حسنین کو قتل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 13 مارچ کی شب ساڑھے 9 بجے 21 سالہ حسنین اپنی بہن اور ان کے دو بچوں کے ہمراہ گھر سے واک کرنے کیلئے سیکٹر میں نکلے گلی نمبر 136 کے قریب پہنچتے ہی ان کا سامنا موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں سے ہوا۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکوؤں نے مقتول سے نقدی موبائل فون اور دیگر قیمتی چیزیں اسلحے کی ںوک پر چھین لیں، 21 سالہ حسنین نے ڈاکوؤں سے پستول چھیننے کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے اس کے پیٹ کے نچلے حصے پر گولیاں مار دیں۔ زخمی ہونے پر حسنین کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ڈاکوؤں کی عمر 22,23 سال کے لگ بھگ تھی، ڈاکوؤں کے کپڑوں کا رنگ اور موٹر سائیکل کا رنگ بھی بتایا گیا ہے تاہم اسلام آباد پولیس ابھی تک ملزموں کو پکڑنے میں ناکام ہے۔