Fawad Digital Outreach Team US State Department
فورمز پر کچھ تجزيہ نگار اور راۓ دہندگان وکی ليکس کے حوالے سے سامنے آنے والی تازہ دستاويزات کو اس انداز سے ديکھ رہے ہيں کہ گويا يہ امريکی حکومت کی موجودہ سرکاری پاليسی اور دیگر ممالک کی حکومتوں کے ساتھ ہمارے تعلقات کی نوعيت کی آئينہ دار ہيں۔
يہ بات سراسر غلط ہے۔
وہ دستاويزات اور مراسلے جنھيں ميڈيا کے کچھ عناصر غير ذمہ داری کے ساتھ خبر اور شہ سرخی کا درجہ دے رہے ہيں وہ دراصل نامکمل اور غير حتمی معلومات ہيں جن کی بنياد اکثر انفرادی جائزوں اور مشاہدات پر مبنی ہے جنھيں غير سرکاری اور ذاتی حیثيت ميں بيان کيا گيا ہے۔ اس کا ہرگز يہ مطلب نہيں ہے کہ بيان کردہ ہر راۓ اور تجزيے کو کسی بھی ايشو کے حوالے سے امريکہ کی حتمی سرکاری پاليسی کا درجہ ديا جاۓ۔
امريکہ دہشت گردی کے خاتمے اور اس سے نبردآزما ہونے کے ليے درپيش مشکل ترين مسلۓ اور اس ضمن ميں کی جانے والی کاوشوں ميں حکومت پاکستان کا مستقل اور پرعزم اتحادی ہے۔
جيسا کہ امريکی وزير خارجہ ہيلری کلنٹن نے کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف ہونے والی کاوشوں اور ان دہشت گردوں کے قلع قمع کے ليے جو ہم دونوں کے ليے مشترکہ خطرہ ہيں، امريکہ کے پاس پاکستان سے زيادہ مضبوط پارٹنر اور کوئ نہيں ہے۔
امريکی اسٹيٹ ڈيپارٹمنٹ کی اگست 2010 میں دہشت گردی سے متعلق جو مختلف ممالک کے حوالے سے رپورٹ جاری کی گئ تھی، اس ميں بھی اس بات کا اعتراف کيا گيا تھا کہ پاکستانی حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف لڑائ ميں قابل قدر کاميابی حاصل کی ہے۔
ميں يہ بھی باور کر دوں کہ ايڈمرل مولن نے بھی اپنے حاليہ دورہ پاکستان کے دوران پاک فوج کی کاوشوں اور ان کے تعاون پر خراج تحسين بھی پيش کيا اور يہ واضح کيا کہ "اختلافات مسلسل رابطوں اور متعلقہ ايشوز اور تحفظات کے حوالے سے بات چيت سے حل کيے جا سکتے ہيں"۔
امريکی سيکرٹری آف اسٹيٹ ايک لسٹ بھی مرتب کرتا ہے جس ميں ان رياستوں کے نام شامل ہوتے ہيں جو دہشت گردی کی معاونت ميں ملوث ہوتی ہيں۔ حکومت پاکستان اس لسٹ ميں شامل نہيں ہے۔
يہ کوئ خفيہ امر نہيں ہے کہ ہمارے آئ ايس آئ کے چند گروپوں کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کافی عرصے سے تحفظات ہيں اور ہم پاکستانی قيادت کے ساتھ ان خدشات کے حوالے سے گفت و شنيد کرتے رہے ہيں۔
ہم پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کے اپنے مشترکہ مقصد کے ليے مل کر کام کر رہے ہیں اور اس خطرے کی موجودگی ميں ہم اپنے لوگوں کی حفاظت کے ليے نہ صرف يہ کہ ابھی بلکہ مستقبل ميں بھی باہم کاوشيں جاری رکھيں گے۔
فواد ڈيجيٹل آؤٹ ريچ ٹيم يو ايس اسٹيٹ ڈيپارٹمينٹ