یہ پہلی سیاسی جماعت ہے جو سیاسی خودکشی پر تلی ہوئی ہے ،حسن نثار

hsnahshsia.jpg

سینئر تجزیہ کار و صحافی حسن نثار نے کہا ہے کہ میں نے اپنی زندگی میں پہلی سیاسی جماعت دیکھی ہے جو سیاسی خودکشی پر تلی ہوئی ہے، یہ تو خود ہی اپنی قبریں کھود رہے ہیں۔

سماء ٹی وی کے پروگرام "اسٹریٹ ٹالک" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار و صحافی حسن نثار کا کہنا تھا ک انہیں اپنے انجام کا بھرپور اندازہ ہے مگر یہ سیاسی کم نصیب یہ نہیں جانتے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ان کی شکست زیادہ سے زیادہ عبرت ناک ہوتی جارہی ہے، مگر یہ پھر بھی حیلے بہانے تلاش کررہے ہیں اور آئین کو چٹکیاں بھررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری عمران خان سے بات ہوئی تو میں نے کہا کہ مرنے دو انہیں، یہ تو اپنی قبریں خود کھود رہے ہیں، اپنےکفن خود سی رہے ہیں، حالات ایسے ہیں کہ دور دور تک اچھی خبریں نہیں ہیں، معیشت کی بہتری وغیرہ بھول جاؤ، اب سب کچھ ہاتھ سےنکل گیا ہے۔

حسن نثار نے کہا کہ انہیں معلوم ہے اپنی شکست کا، سرویز آرہے ہیں ، ان کے حامی لوگ بھی بتارہے ہیں ، ان کے خلاف عورتیں ایسی باتیں کررہی ہیں جو قابل بیان نہیں ہیں، کوسنے دے رہی ہیں، اس سب کی وجہ ایک ہے کہ یہ آئین کے مامے اور ووٹ کو عزت دو کے ٹھیکیداروں کی اصل اوقات یہی ہے۔

سینئر تجزیہ کار نے مزید کہا کہ یہی ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگانے والا شخص تھا جو کہتا تھا کہ میں ضیاء الحق شہید کا مشن پورا کروں گا، اس شخص سےکوئی پوچھے کہ اسے ضیا ء الحق کی قبر کا راستہ بھی یاد ہے، وہاں کوئی ایک بندا بھی نہیں ہوتا ، یہ سرتاپا جھوٹ ہیں، قرض اتارو ملک سنوارو، پیلی ٹیکسی، سوائے جھوٹ کے ان کےپلے ہی کچھ نہیں ہے۔