
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے وفاقی حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اگر ہمارے 10لوگ گرفتار کرے گی تو ہم جواب میں ان کے 20 لوگ پکڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسد عمرنے یہ بیان ایکسپریس نیوز کے پروگرام تکرار میں میزبان عمران ریاض خان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے دیا۔
اسدعمر نے انٹرویوکے دوران کہا کہ ہمیں عمران خان کے بغیر حکومت کی پیشکش کی گئی،کہا گیاتین ناموں میں ایک نام میرا بھی ہوگا مگر میں نے انکار کردیا، ہم عمران خان کے بغیر حکومت کی کوئی پیشکش قبول نہیں کریں گے، عمران خان کےبغیر تحریک انصاف کا تصوربھی نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان عام انتخابات تک ہر ضمنی انتخاب میں خود حصہ لیں گے، مولانا فضل الرحمان میدان میں آئیں اور عمران خان کا مقابلہ کریں۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ 25 مئی کے واقعات پر پنجاب حکومت قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائے گی، اس روز پولیس کی مچائی ہوئی بربریت کے پیچھے کوئی ایک ہاتھ ضرور ہوگا، ہم سیاسی مصلحت کا شکار ہوئے بغیر کارروائی کریں گے اگر حکومت نے ہمارے 10 لوگ گرفتار کیے تو ہم ان کے 20 لوگ پکڑیں گے، قانون سے ایک انچ آگے یا ایک انچ پیچھے نہیں ہوسکتے۔
فوج مخالف سوشل میڈیا مہم سے متعلق گفتگوکرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اس معاملے میں ہمارا شک مریم نواز شریف پر جاتا ہے،پی ڈی ایم کی قیادت کے فوج مخالف بیانات اور وزیر دفاع کے بیانات پر انہیں سزا نہیں دی گئی، خواجہ آصف صرف فوج سے نہیں بلکہ پوری قوم سے معافی مانگیں۔
انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثےکےبعد شروع ہونے والی سوشل میڈیا مہم کی تحقیقات ہونی چاہیےاس کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم قیادت کے فوج مخالف بیانات کی بھی آزاد تحقیقات ہونی چاہیے کیونکہ کوئی پاکستانی بھی رانا ثںاءاللہ کی تحقیقات کو نہیں مانتا۔