
مشہور پاکستانی سنگر وارث بیگ نے دعویٰ کیا ہے کہ لندن میں نواز شریف اور علیم خان کی ملاقات میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نےیہ دعویٰ لندن میں نواز شریف سے ملاقات کے بعد جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتےہوئے کیا اور کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما علیم خان کے درمیان ملاقات طے کرنے میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔
وارث بیگ نے کہا کہ " یہ ملاقات تو اک بہانہ ہے، پیار کا سلسلہ پرانا ہے،ملک کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے میں نے نواز شریف اور علیم خان کی ملاقات میں کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ، موجودہ حالات میں ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے تمام قوتوں کو ساتھ مل کر چلنے کی ضرورت ہے"۔
ایک سوال کے جواب میں وارث بیگ کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور علیم خان کے درمیان ملاقات "اچھی" رہی، نوازشریف نے شدید بیرونی دباؤ کے باوجود پاکستان کو ایک ایٹمی قوت بنا یا ہے۔
یادرہے کہ 9 مارچ علیم خان اور سابق وزیراعظم عمران خان کے درمیان لندن میں ایک طویل ملاقات ہوئی تھی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پرتفصیل سے بات ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق علیم خان نےلندن پہنچنے کے 6 گھنٹے بعد ہی نواز شریف سے ملاقات کی تھی، تین گھنٹوں پر مشتمل اس ملاقات میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز بھی شریک تھے، شریف خاندان کے ذرائع کے مطابق یہ ملاقات مشترکہ دوستوں کے تعاون سے طے پائی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/waris-baig111.jpg