
میڈیا میں سابق وزیر اطلاعات و معاون ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے متعلق خبریں دی جا رہی ہیں کہ انہوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے تاہم اس حوالے سے فردوس عاشق اعوان نے خبروں کی تردید کر کے انہیں فیک نیوز قرار دیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق تحریک انصاف کی سینئر رہنما اور وزیراعظم عمران خان کی سابق معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے لندن میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو پیغام بھیجا ہے کہ وہ پی ٹی آئی چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شامل ہونا چاہتی ہیں۔
مذکورہ خبر رساں ادارے کا دعویٰ ہے کہ اس نے مختلف معتبر ذرائع سے تصدیق کی ہے کہ فردوس عاشق نے لندن میں (ن) لیگ کی قیادت کو پیغام بھیجا کہ اگر انہیں پارٹی میں مناسب مقام دیا جائے تو وہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونا چاہتی ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا یہ پیغام گلوکار وارث بیگ نے پہنچایا جنہوں نے لندن پہنچنے کے بعد نواز شریف، اسحاق ڈار ودیگر سے ملاقاتیں کی۔ اس حوالے سے پی ایم ایل این کی قیادت نے کوئی جواب نہیں دیا کہ آیا فردوس عاشق اعوان کو پارٹی میں قبول کیا جائے گا یا نہیں اس میٹنگ میں تقریباً 10 منٹ تک اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
لیگی قیادت نے وارث بیگ سے کہا کہ فردوس عاشق کو مسلم لیگ ن کی پنجاب قیادت سے اپنی تجویز پر بات کرنی چاہئے۔ تاہم یہ واضح کیا گیا کہ سیالکوٹ کی نشست پر جماعت کے پاس امیدوار موجود ہے اور جیتنے والا سیاسی کارکن بہت مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
جیو نیوز کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ وارث بیگ نے اس ملاقات اور پیغام پہنچانے کے معاملے کی تردید نہیں کی مگر انہوں نے اس پر مزید کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فردوس عاشق اعوان کو30 سال سے جانتے ہیں اور وہ ان کیلئے بہن جیسی ہیں۔
دوسری جانب اس خبر کی تصدیق کیلئے جیو نیوز نے فردوس عاشق سے رابطہ کیا تو انہوں نے اسے فیک نیوز کہہ کر خبروں کو رد کر دیا۔ وہ گزشتہ سال اگست میں وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کے عہدے سے مستعفی ہوئی تھیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/fardou1u1.jpg