
صوبہ سندھ کے ضلع کشمور کے پاس گھیل پور کچے کے علاقے میں زیرتعمیر پولیس چوکی پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی جس سے 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 4 زخمی ہو گئے ہیں۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کشمور عرفان علی سموں نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں متعدد مقامات پر نئی پولیس چوکیاں بنائی جا رہی ہیں، اچانک ڈاکوئوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار احد علی ڈومگی اور صابر علی شہید جبکہ ایس ایچ او بخشاپور گل محمد مہر ودیگر4 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
عرفان علی سموں کا کہنا تھا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی میتیں سول ہسپتال کشمور منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ زخمی اہلکاروں کو رحیم یار خان ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ واقعہ پیش آنے کے فوری بعد ضلع بھر سے پولیس کی بھاری نفری کو کچے کے علاقے میں روانہ کر دیا گیا ہے جہاں ڈاکوئوں کے خلاف جامع کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایسے ہی ایک واقعے میں 3 اپریل کو ڈاکوؤں نے پولیس دستے پر حملہ کیا گیا تھا جو ڈاکوئوںواغواکاروں کی طرف سے یرغمال بنائے گئے افراد کو چھڑوانے کیلئے سندھ کی سرحد کے قریب ضلع کندھ کوٹ کے درانی مہارندی کے علاقے میں آپریشن کر رہا تھا۔ اس واقعے میں 1 سٹیشن ہائوس آفیسر (ایس ایچ او) شہید جبکہ 5 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔
علاوہ ازیں کچے کے علاقے میں مبینہ اغواکاروں اور ڈاکوئوں کے خلاف پنجاب پولیس کی طرف سے بھی آپریشن کیا جا رہا ہے۔
پنجاب پولیس کے مطابق کارروائی میں 1 گینگسٹر ہلاک جبکہ 1 پولیس اہلکارشہید اور 4 زخمی ہو گئے ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی اور خفیہ ایجنسی کے رپورٹ خفیہ اطلاع پر کارروائی کی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے 13 ویں اجلاس میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن پر انسپکٹر جنرل پولیس نے بریفنگ دی اور آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پولیس اہلکاروں کے جذبے اور بہادری کو سراہا گیا جبکہ اخراجات کیلئے فنڈز منظور کر لیے گئے۔ اجلاس میں کشمور میں شہید ہونیوالے ایس ایچ او کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی گئی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/dakuaahsha.jpg