
قومی اسمبلی میں کون سی جماعت کو کتنی مخصوص نشستیں ملیں گی ؟ اس حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی دوڑ سے تیرہ جماعتیں باہر ہوگئی ہیں جبکہ ن لیگ کو 20 ، پیپلزپارٹی کو 13 جبکہ ایم کیو ایم کو 5 مخصوص نشستیں ملنے کا امکان ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کو 27 مخصوص نشستیں مل سکتی ہیں تاہم یہ فیصلہ الیکشن کمیشن کے ہاتھ میں ہے جبکہ جماعت اسلامی، اے این پی، جے یو آئی ف ، تحریک لبیک، آئی پی پی، جی ڈی اے،مسلم لیگ ضیا ء اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی مخصوص نشستوں کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہیں۔
مسلم لیگ ق کو مخصوص نشستوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بی اے پی، بی این پی، پی ٹی آئی پی اور مرکزی مسلم لیگ کے ارمانوں پر بھی پانی پڑگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کو مجموعی طور پر 20 مخصوص نشستیں مل سکتی ہیں جن میں خواتین کی 16 اور اقلیتوں کی 4 نشستیں ہیں، پیپلزپارٹی کو 11 نشستیں خواتین کی جبکہ2 اقلیتوں کی نشستیں ملنے کا امکان ہے جبکہ ایم کیو ایم کو 4 خواتین اور ایک اقلیت کی نشست مل سکتی ہے۔
فارمولے کے اعتبار سے پی ٹی آئی کو 27 مخصوص نشستیں ملنی چاہیے تاہم یہ فیصلہ الیکشن کمیشن کے ہاتھ میں ہے کہ آیا خواتین کی 23 اور 4 اقلیتی نشستیں پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں کی جماعت سنی اتحاد کو دی جاتی ہیں یا نہیں۔