
کوئٹہ کے رہائشی ایک شخص کے گھر 60ویں بچے کی پیدائش ہوئی ہے، جان محمد نامی شخص بچوں کی سنچری مکمل کرنے کا خواہش مند ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کے رہائشی جان محمد کے ہاں نئے سال پر بچے کی پیدائش ہوئی ہے جس کےبعد اس کے بچوں کی مجموعی تعداد 60 تک پہنچ گئی ہے، جان محمد کے بچوں میں سے 5 بچے فوت ہوگئے جبکہ 55 حیات اور صحت مند ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جان محمد نے تین شادیاں کررکھی ہیں اور پیشے کے اعتبار سے وہ کوالیفائیڈ میڈیکل پریکٹیشنر اور سائیڈ بزنس چلاتے ہیں،ان کی رہائش کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر ہے اور کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی میں ان کا کلینک ہے، ان کی تینوں بیویاں اور تمام بچے ایک ہی گھر میں رہائش پزیر ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1609491476022689797
60ویں بچے کی پیدائش کے حوالے سے نجی خبررساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئےجان محمد کا کہنا تھا کہ میری پہلی شادی 1999 میں ہوئی تھی جس کے بعد 2000 میں میرے گھر پہلے بچے کی پیدائش ہوئی، میری اس بیٹی کی عمر اب 22 برس ہوچکی ہے، نئے سال کے شروع ہوتے ہی ایک اور بچے کی پیدائش پر میں بہت خوش ہوں اسی لیے میں نے اس کا نام حاجی خوشحال خان رکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر اللہ نے توفیق دی تو میں چوتھی شادی بھی ضرور کروں گا او ر اپنی نسل کو مزید آگے بڑھاؤں گا، میری خواہش ہے کہ میں بچوں کی سنچری مکمل کروں، اولاد اللہ کی دین ہے اور مجھے اللہ نے اپنے فضل سے کثیر بچوں سے نوازا ہے۔