کرپٹو یا دیگر ڈیجیٹل کرنسی کی ویب سائٹس بلاک نہیں کی جارہیں؟پی ٹی اے کاموقف

PTA-bitcoin-rd.jpg


سماء نیوز کے مطابق پی ٹی اے (پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی) نے کرپٹو کرنسی ویب سائٹس بلاک نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے 1500 سے زائد ویب سائٹس بلاک کرنے کیلئے کہا تاہم قانونی حوالہ کمزور ہے۔

اس حوالے سے ايف آئی اے (فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی) نے کرپٹو کرنسی اور ڈيجيٹل کرنسیوں کا کاروبار کرنیوالی 1600 کے قريب ويب سائٹس بند کرنے کیلئے پی ٹی اے کو تقریباً ایک ماہ قبل خط لکھا تھا۔ جس پر پی ٹی اے نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے ایک سرکلر کو بنیاد بنا کر ویب سائٹس بلاک نہیں کی جا سکتیں۔

ایف آئی اے کے خط کا جواب دیتے ہوئے پی ٹی اے نے کہا ہے کہ کرپٹو اور دیگر ڈیجیٹل کرنسیوں کا کاروبارہ کرنیوالی ویب سائٹس فوری طور پر بلاک نہیں کی جاسکتیں۔ کرپٹو کرنسی ویب سائٹس کے حوالے سے وزارت آئی ٹی سے رائے مانگی ہے۔

واضح رہے کہ کہ ایف آئی اے نےپی ٹی اے کو 1540 ڈیجیٹل کرنسی ویب سائٹس کے نام بلاک کرنے کیلئے بھیجے تھے، مگر اس کے ساتھ دیا جانے والا قانونی حوالہ پی ٹی اے کے مطابق کمزور ہے، کیونکہ ایف آئی اے نے اسٹیٹ بینک کے ایک سرکلر کی بنیاد پر ان ویب سائٹس کو بلاک کرنے کا کہا تھا۔

حکام نے مزید کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سرکلر کو بنیاد بناکر ساری ویب سائٹس کو بند نہیں کیا جاسکتا، جب تک کوئی میکنزم نہیں بنالیتے ویب سائٹس بند نہیں ہوں گی۔ ڈیجیٹل کرنسی کا مستقبل کیا ہوگا، متعلقہ اداروں سے مشاورت شروع کردی ہے۔