کراچی:گودام میں نادراوین سےغیرملکیوں کوشناختی کارڈبنانےکی خبر،نادراکی تردید

nadra-pakistan-id-card-d.jpg


کراچی میں ایک بند گودام کے اندر کھڑی نادرا وین سے غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ کے اجراء کا انکشاف ہوا ہے، واقعہ کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک گودام کے اندر کھڑی نادرا کی وین سے مشکوک طریقے سے شناختی کارڈ کے اجراء کا سلسلہ جاری ہے،

پولیس کی جانب سے نادرا وین میں جاری سرگرمیوں کے معاملے پر پوچھ گچھ بھی کی جارہی ہے،نادرا ملازم کے مطابق رکن قومی اسمبلی کی جانب سے شہریوں کے شناختی کارڈ کے اجراء کیلئے نادرا وین یہاں کھڑی کی گئی ہے۔

نادرا کی جانب سے مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایک وضاحتی اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو چار ماہ پرانی ہے،20 جولائی 2023 کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں اتحاد ٹاؤن کے خیبر چوک کے قریب مقامی لوگوں کی درخواست پر کھڑا کیا گیا تھا۔

https://twitter.com/x/status/1719900375627727284
ترجمان نادرا کے مطابق وین سڑک پر پارک کی گئی تھی مگر واقعہ کے روز دوپہر کے وقت موسم خراب ہونے کے باعث وین کو قریب واقع ایک عمارت میں پارک کردیا گیا ، اس وقت مجموعی طور پر صرف 6 افراد کے شناختی کارڈ کی تجدید کی درخواستیں وصول کی گئیں تھیں کہ گشت پر معمور پولیس پارٹی نے موقع پر پہنچ کر پوچھ گچھ شروع کردی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نادرا ملازمین کے تسلی بخش جوابات پر پولیس موقع سے واپس چلی گئی، نادرا ایک قومی ادارے کے طور پر غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں
کے انخلا کو یقینی بنانے کیلئے دیگر حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر اپنےفرائض کی ادائیگی میں مصروف ہے، تاہم ایسے میں چند شرپسند عناصر ادارے کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کررہے ہیں۔

وین کے انچارج نے بھی افغانیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے سے متعلق دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے بیان جاری کیا اور کہا کہ یہ دعویٰ جھوٹ اور پراپیگنڈہ پر مبنی ہے،واقعہ کے روز کاکڑ اور سلیمانی خیل کمیونٹی کی خواتین کے شناختی کارڈ بنانے کی کارروائی کی گئی، وین سابق رکن قومی اسمبلی قادر مندو خیل کی درخواست پر بھیجی گئی تھی۔