کراچی میں سی ٹی ڈی کا ملزمان سے رشوت لینے کا انکشاف

4karachictdkjdkjf.png

کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)کی جانب سے گرفتار ملزمان سے رشوت لینے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ٹی ڈی کی جانب سے شہریوں کو لوٹنے والے ملزمان کو غیر قانونی اسلحہ کے کیس میں گرفتار کرلیا گیا تاہم ملزمان سے رقم کی ریکوری اور ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی، الزام ہے کہ سی ٹی ڈی نے ملزمان سے مبینہ طور پر 17 لاکھ روپے کی رشوت وصول کی۔

ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی نے ملزمان سے کسی بھی قسم کی ریکوری نہیں کی اور ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے ساؤتھ زون پولیس کو بھی اطلاع نہیں دی ، تاہم گرفتار ملزمان کے کرمنل ریکارڈ کی جانچ کی جارہی ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کی جانب سے ملزمان سے رشوت لینے ا انکشاف ان ملزمان میں سے ایک ملزم عرفان نے پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے کے بعد دوران تفتیش کیا اور کہا کہ سی ٹی ڈی افسران نے ملزمان سے مبینہ طور پر 17 لاکھ روپے کی رشوت وصول کی، اس کے بعد سی ٹی ڈی اور ساتھ زون پولیس کے اعلیٰ افسران نے سی ٹی ڈی سے 8 لاکھ روپے کی ریکوری ظاہر کی۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ سی ٹی ڈی کی جانب سے پوش علاقوں میں ڈکیتیوں کے ملزمان شیر مالک اور عرفان کو گرفتار کرکے ان سے مبینہ طور پر رشوت لے کر انہیں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے کیس میں جیل بھجوادیا، ان ملزمان پر شہر کے مختلف علاقوں میں 36 لاکھ اور 19 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے مقدمات درج تھے، تاہم سی ٹی ڈی نے ان ملزمان سے ریکوری کیے بغیر انہیں جیل بھجوادیا ، ملزم عرفان کی جانب سے کیےجانے والے انکشافات کے بعد پولیس اس معاملے کو دبانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔