
تھانہ کورنگی، الفلاح اور شاہ فیصل کالونی پولیس کی مشترکہ کارروائی، مسجد کی چھت سے اسلحہ برآمد کراچی کے علاقے شاہ فیصل نمبر 2 میں ایک مسجد کی چھت پر رکھے ہوئے فریج سے جدید ترین اسلحہ برآمد کر لیا گیا، مزید تفتیش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس حکام نے شاہ فیصل کالونی، کورنگی، الفلاح پولیس اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے شاہ فیصل نمبر 2 میں مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے ایک مسجد کے واش روم کی چھت پر رکھے ہوئے فریج سے جدید ترین اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔
پولیس حکام نے اسلحہ کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 3 کلاشنکوف، 2 شارٹ گن، 1 بارہ بور رائفل، تین 30 بور پسٹل، ایل ایم جی، 1 لانگ مشین اور 500 زائد گولیاں برآمد کی گئیں جبکہ20 سے زئد لوڈڈ میگزین اور 4 لڈڈ چرخیاں بھی ملی ہیں اور برآمد شدہ اسلحے کو فارینزک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ اور شہر کا امن برقرار رکھنا کراچی پولیس کی اولین ترجیح ہے اس کے لیے تمام تر وسائل کا استعمال کریں گے۔ مسجد میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی اور جدید اسلحہ کی برآمدگی کا مقدمہ تھانہ شاہ فیصل کالونی میں درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل کراچی پولیس چیف ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس (اے آئی جی) جاوید اوڈھو نے رواں برس ہونے والے جرائم کے اعدادوشمار شیئر کرتے ہوئے سٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کے لیے پریس کانفرنس میں موٹر سائیکلوں پر گشت کیلئے 300 ایلیٹ کورس کرنے والے اور کمانڈوز پر مشتمل شاہین فورس بنانے کا اعلان کرتے ہوئے مختلف حساس علاقوں میں تعینات کرنے اور شاہین فورس کا حصہ بننے والے پولیس اہلکاروں کو جدید ترین موٹرسائیکلیں، اسلحہ، واکی ٹاکی اور بلٹ پروف جیکٹس بھی دینے کا فیصلہ کیا تھا۔