کراچی:خاتون اپنی کمسن بچی کو عمارت کی بالکونی سے پھینک کر خود بھی کود گئی

death.jpg


روزنامہ جنگ کے مطابق کراچی کے علاقے منگھوپیر میں 30 سالہ خاتون نے اپنی 3 سالہ بچی کو بلڈنگ کی بالکونی سے نیچھے پھینکا اور خود بھی اس کے پیچھے ہی کود گئی، دونوں ماں بیٹی موقع پر جاں بحق ہو گئیں پولیس نے لاشیں تحویل میں لیکر کارروائی کا آغاز کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق منگھوپیر تھانے کی حدود میں واقع نجی رہائشی کثیر المنزلہ عمارت کے ایک فلیٹ میں 30 سالہ خاتون نے تین سالہ بچی کی جان لے کر اپنی بھی زندگی گنوا دی، پولیس کے مطابق متوفیہ کی شناخت 30 سالہ مدیحہ زوجہ فرحان آفریدی کے نام سے ہوئی جب کہ بچی کا نام انعم ہے جس کی عمر3سال ہے۔

واقع کے چشم دید گواہوں میں اسکول کے چھوٹے بچے شامل ہیں جنہوں نے دیکھا کہ خاتون نے پہلے اپنی بچی کو نیچے پھینکا اور پھر خود بھی چھلانگ لگا دی جس کے نتیجے میں دونوں ماں بیٹی جاں بحق ہو گئیں۔ اب تک ہونے والی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ خاتون نے کچھ ماہ قبل چوتھی شادی کی تھی اور اس شوہر کے ساتھ بھی جھگڑا رہتا تھا۔

پولیس کے مطابق متوفیہ مدیحہ کی 3 ماہ قبل ہی اپنے تیسرے شوہر الطاف سے علیحدگی ہوئی اور اس کے بعد اس نے فرحان آفریدی سے چوتھی شادی کر لی۔ مرنے والی بچی تیسرے شوہر الطاف کی بیٹی تھی۔ پولیس نے قریب رہنے والے پڑوسیوں سے پوچھ گچھ کی تو پتہ چلا ہے حال ہی میں مدیحہ اور فرحان کے مابین شدید جھگڑا ہوا تھا۔

مدیحہ کے والد نے اپنے داماد پر بیٹی اور نواسی کے قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فرحان آفریدی 3 ماہ سے میری بیٹی کے ساتھ رہ رہا تھا۔ پولیس کے مطابق مشتبہ فرحان کا موبائل بند ہے اس کی لوکیشن کی مدد سے ٹریس کیا جائے گا۔ متوفی مدیحہ کے والد کی مدعیت میں فرحان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔