
پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما راجہ ریاض کی مبینہ آڈیو کال لیک ہو گئی، ووٹر نے پی ٹی آئی کے منحرف رکن اسمبلی راجہ ریاض کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے منحرف رکن اسمبلی راجہ ریاض سندھ ہاؤس میں موجود ہیں، گزشتہ روز ان کا کہنا تھا کہ ہم عدم اعتماد کا ووٹ ڈال کر استعفیٰ دیں گے، تاہم اب ان کی مبینہ آڈیو لیک ہو گئی ہے جس میں ووٹر کی جانب سے ان کو پارٹی کا ساتھ نہ دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
سوشل میڈ یا پر سامنے آنے والی کال میں سنا جا سکتا ہے کہ راجہ ریاض کے حلقے کا ایک ووٹر ان سے سندھ ہاوس جا کر بیٹھنے پر اعتراض کر رہا ہے ۔مبینہ کال کے دوران حبیب اللہ نامی شخص نے راجہ ریاض سے کہا کہ میڈ یا پر آپ کی تصویریں دیکھ کر پریشان ہو گئے ہیں۔راجہ ریاض کی جانب سے وجہ دریافت کرنے پر حبیب اللہ نے کہا کہ ہم نے ووٹ عمران خان کو دیا اور آپ جا کر سندھ ہاوس بیٹھے ہوئے ہیں،
ہم نے آپ کو اس لیے ووٹ نہیں دیا تھا کہ آپ ہمارا ووٹ زرداری کو بیچ دیں۔راجہ ریاض نے کہا کہ ہم تین سال تک حکومت کی منتیں کرتے رہے لیکن ہمارا کوئی کام نہیں ہو رہا تھا جس پر حبیب اللہ نے کہا کہ پھر آپ استعفیٰ دے دیتے جس پر راجہ ریا ض نے کہا کہ استعفیٰ بھی دے دوں گا۔
https://twitter.com/x/status/1504874262682865669
اس پر ووٹر نے کہا کہ آپ عدم اعتماد سے پہلے استعفیٰ دیں لوگ ہمیں برا بھلا کہہ رہے ہیں، آپ آج ہی استعفیٰ دیں۔
دوسری جانب معروف اینکر پرسن کامران خان نے جہانگیر ترین سے پاکستان سے بدلہ نہ لینے کی درخواست کردی، کہتے ہیں جہانگیر ترین صاحب عمران خان نے آپ سے بڑی زیادتی کی، براہ مہربانی بدلہ پاکستان سے نہیں لیجیئے گا۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹر پوسٹ میں راجہ ریاض کی مبینہ آڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی منحرف راجہ ریاض سے فیصل آباد کے اس قابل فخر پاکستانی کی گفتگو میرے پاکستان پر اعتماد میں کئ گنا اضافہ کرگئی کب تک نوٹ کی چوٹ پر یا کسی گارنٹی پر قلابازیوں کا یہ سرکس جاری رہے گا جہانگیر ترین صاحب عمران خان نے آپ سے بڑی زیادتی کی بدلہ پاکستان سے نہیں لیجیئے گا پلیز۔