حسن اخلاق
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ایمان والوں میں کامل ترین مومن وہ ہے جس کے اخلاق سب سے اچھے ہوں اور تم میں سے وہ لوگ سب سے بہتر ہیں جو اپنی بیویوں کے ساتھ (برتاؤ میں) سب سے اچھے ہوں۔ مسند احمد
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے دس برس تک نبی کریم ﷺ کی خدمت کی اور کبھی آپؐ نے مجھے اف تک نہیں کہا اور نہ یہ کہا کہ میں نے کام کیوں نہیں کیا اور اگر میں نے کسی چیز کو چھوڑ دیا تو نہ کہا کہ میں نے کیوں چھوڑا اور آپؐ سب آدمیوں میں سے بہتر اخلاق میں تھے۔ اور میں نے کوئی ریشم نہیں چھوا اور نہ ہی حریر اور نہ کوئی چیز جو رسول اللہ ﷺ کی ہتھیلی سے نرم ہو اور میں نے کبھی نہیں سونگھا مشک اور نہ کوئی عطر جس کی خوشبو رسول اللہ ﷺ کے پسینہ سے زیادہ ہو ۔
(جامع ترمذی ،جلد اول باب البر والصلۃ :2015)
حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا: وہ شخص جو شریعت پر عمل کرنے والا ہو پنی طبیعت کی شرافت اور اپنے اچھے اخلاق کی وجہ سے اس شخص کے درجہ کو پالیتا ہے جو رات کو بہت زیادہ قرآن کریم کو نماز میں پڑھنے والا اور بہت روزے رکھنے والا ہو۔
(مسند احمد)
حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آخری نصیحت جو رسول اللہ ﷺ نے مجھے فرمائی جس وقت میں نے اپنا پاؤں رکاب میں رکھ لیا تھا وہ یہ تھی: معاذ اپنے اخلاق کو لوگوں کے لئے اچھا بناؤ۔
(موطا امام مالک)
حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: تم سب میں سے مجھے زیادہ محبوب اور قیامت کے دن میرے سب سے قریب وہ لوگ ہونگے جن کے اخلاق زیادہ اچھے ہونگے۔
(ترمذی)
رسول اکرم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا: ’’جب ایک شخص اپنے گھر والوں پر ثواب کی نیت سے خرچ کرتا ہے تو یہ بھی اس کیلئے صدقہ بن جاتا ہے‘‘۔صحیح بخاری۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا: ’’تم جو بھی اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے خرچ کرتے ہو اس پر تمہیں اجر دیا جاتا ہے حتی کہ تم اپنی بیوی کے منہ میں جو لقمہ ڈالتے ہو، اس پر بھی اجر و ثواب ملتا ہے - صحیح بخاری۔