
حکومت کا مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے جلسے منسوخ کرنے کی اپیل پر ردِعمل سامنے آ گیا، وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت صاحب رائے شخصیت ہیں ہمارا اسلام آباد میں جلسے کا مقصد تصادم نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ق لیگ کے سربراہ کے جلسے منسوخ کرنے کے مشورے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ چوہدری شجاعت صاحب رائے شخصیت ہیں، وزیر اعظم نے چوہدری صاحب کو ہمیشہ عزت دی ہے، تحریک انصاف ایک جمہوری پارٹی ہے ہم شدت پسندی کی سیاست نہیں کرتے نہ ہی تصادم پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کی بنیاد جمہوریت ہے اور عوام کی رائے ہمارے لئے مقدم ہے، اسلام آباد میں جلسے کا مقصد تصادم نہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اگر اپوزیشن پر امن جلسہ کرنا چاہتی ہے تو اس جلسے کو بھی خوش آمدید کرتے ہیں اور ہر طرح کی سہولت دیں گے، جمہوریت میں عوام کی رائے اصل فیصلہ ہے اور جلسے اس رائے کے اظہار کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1503672963060666371
فواد چوہدری نے اپوزیشن کے جلسے کے اعلان پر کہا کہ اگر اپوزیشن پر امن جلسہ کرنا چاہتی ہے تو خوش آمدید کہیں گے اور ہر سہولت فراہم کریں گے۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ق کے سربراہ شجاعت حسین نے حکومت اور اپوزیشن سے اپیل کی ہے کہ جن جلسوں کا اعلان کیا گیا ہے، ملکی مفادمیں انہیں فوراً منسوخ کر دیں۔چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ عوام حکومت اور اپوزیشن کے جلسوں اور نمبرز کی سیاست سے سخت پریشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن تو جلسوں کی سیاست کرتی ہی ہے، حکومت بھی اپوزیشن کے مقابلے میں جلسےکرنے لگ گئی ہے، یہ حکومت کا کام نہیں ہے۔چوہدری شجاعت نے کہا کہ یہ سیاسی مقابلہ ملک میں سیاسی افراتفری اور بحران پیدا کر سکتا ہے، جس کا فائدہ پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمنوں کو ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق نے ہمیشہ ملکی مفاد کی سیاست کی ہے، دونوں فریقین اپنے اپنے کارکنوں کو اشتعال انگیز سیاست کا راستہ مت دکھائیں۔
مسلم لیگ ق کے سربراہ نے کہا کہ آئین و جمہوریت کی پاسداری کے لیے ہار جیت کو انا کا مسئلہ بنائے بغیر جمہوری طریقے کے مطابق ووٹنگ میں حصہ لیں۔چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ق نے ہمیشہ ملکی مفاد کی سیاست کی ہے ، ہمیں چھوٹی پارٹی کہنے والے بھول گئے ہیں کہ ہم نے بڑے فیصلے کیے ہیں ، دوسروں کی مخالفت مول لینے کے باوجود ہم نے ہمیشہ تدبیر اور صلح جوئی کو ترجیح دی ہے ۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/shujat-and-khan-jalsa.jpg