عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے موبائل فون پر پولیس کی تحویل کے دوران بھی واٹس ایپ کے استعمال ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر شیخ رشید کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے کچھ سکرین شاٹس شیئر کیے گئے، ان سکرین شاٹس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیخ رشیداحمد کی جانب سے مختلف لوگوں کوواٹس ایپ کالز اور پیغامات موصول ہوئے ہیں، کسی کو شیخ رشید کی جانب سے فون کال موصول ہوئی تو کسی کو 'اسلام و علیکم ' کے پیغامات موصول ہوئے۔
شیخ رشید احمد کے آفیشل ہینڈل سے ان سکرین شاٹس کو شیئرکرتےہوئے کہا گیا ہے کہ میرا ذاتی موبائل جو اس وقت آبپارہ پولیس کی تحویل میں ہے اس کا واٹس ایپ آج دوپہر 2 بجے سے مسلسل استعمال ہورہا ہے، میرے واٹس ایپ سے مختلف لوگوں کو کالز کی جارہی ہیں، یہ واٹس ایپ اس وقت بھی آن لائن ہے۔
واضح رہے کہ آج اسلام آباد کی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے، عدالت نے دوران سماعت پراسیکیوشن کی مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست بھی مسترد کی۔