پولیس نے "ہنی ٹریپ گینگ" چلانے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا

hon1111h112.jpg


پنجاب پولیس نےساہیوال میں ہنی ٹریپ گینگ چلانے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے تھانہ فرید ٹاؤن کی پولیس نے ایک پولیس اہلکار اور خاتون سمیت دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ہنی ٹریپ کے ذریعے ایک کاروباری آدمی کو بلیک میل کیا اور 3 لاکھ42ہزار سے زائد کی رقم حاصل کی۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروای کاروباری آدمی ارشد کی درخواست پر کی گئی اور کانسٹیبل رانا اکمل، ساتھی رانا ضیاء اور ماہم کو گرفتار کیا۔

فرید ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل ایک ہنی ٹریپ گینگ چلاتا تھا جس میں 2 سے 3 لڑکیاں بھی شامل تھیں، یہ لڑکیاں امیر لوگوں کو اپنے جال میں پھنساتی اور پھر انہیں بلیک میل کرکے رقم اینٹھی جاتی تھی۔

ایس ایچ او نے مزید انکشاف کیا کہ رانا اکمل نےایک پرائیویٹ ٹارچر سیل بھی بنا رکھا تھا جہاں وہ اپنے شکاریوں کو رقم کی ادائیگی تک قید کرکے رکھتا تھا۔

درخواست گزار ارشد نے پولیس کو بتایا کہ 27 اپریل کو ماہم کے ساتھ رات کا کھانا کھانے کے بعد اسےرانا اکمل نے گرفتار کیا اور کچھ تصاویر دکھاتے ہوئے ڈکیتی اور زیادتی کے کیسز میں ملوث کرنے کی دھمکیاں دیں اور اپنے مطالبات سامنے رکھے۔

متاثرہ شخص کے مطابق رانا اکمل نے اپنے ساتھی رانا ضیا ء کوسینئر پولیس افسر بنا کر پیش کیا اور بلیک میل کرکے پہلے 3لاکھ روپے کیش وصول کیے اور بعد میں میرے ڈیبٹ کارڈ کو استعمال کرتے 43ہزار روپے نکلوائے۔
 

Back
Top