پولیس نے منشیات فروش کی بیوی،کمسن بچی کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا

punaj1h1i12h.jpg


ملتان میں پولیس نے منشیات فروش کی بیوی اور کم سن بچی کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملتان کے تھانہ سیتل ماڑی کی پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش یاسر کی گرفتاری کیلئے اس کے گھر پر چھاپہ مارا، اس موقع پر یاسر تو پولیس کے ہاتھ نا لگا مگر اس کی بیوی فہیم بی بی سے پولیس نے 600 گرام چرس برآمد کرلی۔

پولیس نے فہیم بی بی سے چرس برآمد کرکے مقدمہ درج کیا اور ملزمہ کو گرفتار کرکے تھانے لے آئی، پولیس نے جس وقت ملزمہ کو گرفتار کیا تو اس کی 7 سالہ بچی بھی اس کے ساتھ تھی جسے والدہ زبردستی اپنے ساتھ تھانے لے گئی اور اس کے اصرار پر پولیس نے بچی کو بھی اس کے ساتھ ہی حوالات میں بٹھادیا۔

بچی کو حوالات میں بند کرنے کی خبر سی پی او ملتان صادق علی تک پہنچی تو سی پی او نے اس معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے نائٹ محرر خدا بخش ، کو معطل کرکے مقدمہ درج کرنے، اورتفتیشی افسر سب انسپکٹر اصغر علی کو معطل کرکے چارج شیٹ کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

سی پی او ملتان نے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو بھی چارج شیٹ کرتے ہوئے نیو ملتان تھانے کے ایس ڈی پی او انعم تجمل کو معاملے کی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔