پنجاب پولیس نے ٹک ٹاکرز کے بعد اب شہداء کی یاد میں تقریبات پر ڈانسرز کو بلانے کی روایت بھی شروع کر دی ہے، گزشتہ روز ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پولیس کے شہداء کیلئے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں پر مہمان خصوصی کے لیے معروف خواجہ سرا ڈانسر مہک ملک کو مدعو کیا گیا تھا۔
پولیس شہداء کی تقریب میں ڈانسر مہک ملک کی بطور مہمان خصوصی شرکت کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا ان کے پاس کوئی استاد، مبلغ، پروفیسر یا شہید سپاہی کی بیوی نہیں تھی جو یہ کام کر سکے۔
مہر احمد نامی صارف نے لکھا: ٹوبہ پولیس اتنی روشن خیال ہو گئی ہے کہ یوم شہداء پر بدنام زمانہ ڈانسر مہک ملک کو بطور مہمان خصوصی بلا لیا! اگر عوام اپنی کسی خوشی، شادی، بیاہ پر ان کو بلائیں تو سیدھی ایف آئی آر کر دی جاتی ہے، یہ تو خوشی کا موقع بھی نہیں تھا۔پولیس کے یوم شہداء پر اسے بطور مہمان خصوصی بلانا انتہائی غلط فعل ہے!
عثمان نے لکھا: ٹوبہ ٹیک سنگھ شہداء پولیس کے فنکشن میں مہک ملک شہداء کی فیملیز کو دلاسہ دیتے ہوئے! مہک ملک کا آنا کوئی بری بات نہیں لیکن کیا پنجاب پولیس کے پاس کوئی عالم، کوئی مبلغ، کوئی استاد، پروفیسر، ڈاکٹر یا کوئی سپاہی کی بیوی نہیں تھی جو یہ کام کر سکے۔
نازیہ گورائیہ نے لکھا: لو جی ہمارے ہاں تو انقلاب سے پہلے صلح ہو گئی ہے! الحمدللہ! پنجاب پولیس اور خواجہ سرائوں کی صُلح ہوگئی ہے اب کوئی خواجہ سرا کسی بھی پولیس کے شیر جوان پر حملہ نہیں کرے گا ! ٹوبہ ٹیک سنگھ میں یوم شہداء کی تقریب میں تقریر کرتے ہوئے مشہور خواجہ سرا اور نیشنل سلیبرٹی مہک ملک نے اس بات کا اعلان کیا کہ چند نامعلوم شر پسند افراد خواجہ سرائوں اور پولیس کے درمیان ناچاقی پیدا کرنا چاہتے ہیں!
مہک ملک کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم ان کے ان مزموم ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ! تقریب کے آخر میں شہدا پولیس اور خیبر پختون خواہ میں شہید ہونے والے خواجہ سرائوں کے لیے مہک ملک نے دعا کرائی، یاد رہے!
کرن خان نے لکھا: لگتا ہے پاکستان میں نیشنل سلیبرٹیز ختم ہو گئی ہیں، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شہدائے پولیس کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں معروف ڈانسر مہک ملک کو بطور نیشنل سلیبرٹی دعوت دی گئی، اس سے بہتر تو ان شہیدوں کی اپنی فیملیز کو موقع ملتا تو بہتر تھا!
مقدس فاروق اعوان نے لکھا:مہک ملک اور کاشف ضمیر سوشل میڈیا پرسنالٹیز ہیں جنہیں پولیس کی طرف سے خصوصی طور پر اپنے ایونٹس میں مدعو کیا جاتا ہے!
ایک صارف نے لکھا:پولیس کے یوم شہداء کی تقریب! مہک ملک مہمان خصوصی، آپکا شمار چوٹی کے ٹھمکا بازوں میں ہوتا ہے، مُلک و قوم کے لیے آپ کی انتھک محنت اور سُرخی پسینہ ایک کرنے کی لگن لازوال ہے ! اس لیے بڑا بھائی چھوٹے بھائیوں کی تقریب میں مہمانِ خصوصی ہے!