پنجاب میں کسانوں سے گندم سستی خرید کر گوداموں میں ذخیرہ کیے جانے کا انکشاف

zakeeh1i11.jpg


پنجاب میں کسانوں سے گندم سستی خرید کر گوداموں میں ذخیرہ کیے جانے کا انکشاف ہوا,

صوبے میں سرکاری گندم کی خریداری کے معاملے پر سیاسی و کسان حلقوں اورافسر شاہی کے درمیان جاری تنازع کا فائدہ اٹھانے کے لیے ذخیرہ اندوز مافیا میدان میں آگیا۔

ذرائع کے مطابق مافیا کی جانب سے کسانوں سے سستے داموں گندم خرید کر خفیہ گوداموں میں ذخیرہ کی جا رہی ہے اور چند ماہ بعد سستی خریدی گئی گندم کومہنگے داموں فلورملز کو فروخت کیا جائے گا۔

گزشتہ 2 برسوں میں بھی اسٹاکسٹ مافیا کی وجہ ہی سے آٹا مہنگا ہوا تھا,مارکیٹ ذرائع کے مطابق اس وقت کسان کو 3200 سے3300 روپے فی من قیمت مل رہی ہے,مڈل مین فلورملز کو یہ گندم 3500 سے3600 روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔

پنجاب میں 20 کلو کے آٹے کے تھیلے کی ایکس مل قیمت 600 روپے کم ہونے کے باوجود عوام مکمل ریلیف سے محروم ہیں۔ پرچون فروش 20 کلو کے تھیلے پر200 سے300 روپے منافع کما رہے ہیں۔ لاہور میں 20 کلو کے آٹے کے تھیلے کی ایکس مل قیمت 2 ہزار سے2100 روپے ہے۔

گزشتہ سال ملک کے مختلف شہروں میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا تھا، سکھر، لاڑکانہ، سانگھڑ، عمرکوٹ سمیت کئی علاقوں میں چھاپوں کے دوران چینی، گندم اور کھاد کی ہزاروں بوریاں گوداموں سے برآمد کرلی گئیں، کریک ڈاؤن کے بعد چینی کی قیمت میں پچاس روپے تک کمی آگئی تھی۔