
چوہدری پرویز الہٰی ہمارے اتحادی ہیں، ان سے مشاورت کر رہے ہیں، شہاز شریف استعفیٰ دینا چاہتے ہیں تو ضرور دیں۔تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی ہمارے اتحادی ہیں، ان سے مشاورت کر رہے ہیں، شہاز شریف استعفیٰ دینا چاہتے ہیں تو ضرور دیں، ضروری نہیں کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں جیت کے بعد حکومت بناتے ہیں اسمبلی تحلیل کر دیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر اسد عمر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم صرف اسلام آباد میں رہ گئی ہے، صوبوں میں تو ان کے پاس کوئی اختیار نہیں رہا، جب وزیراعظم شہباز شریف استعفیٰ دیں گے تو انہیں کے پی کے اور پنجاب بھر میں پاکستان تحریک انصاف سے لڑنا پڑے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کیا صرف اسلام آباد میں بیٹھیں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ وہ بھی الیکشن چاہیں گے، سیاسی طور پر تو ہم یہی کہیں گے کہ اچھا ہے انہیں چلنے دیں اور ان پر ملبہ پڑنے دیں لیکن ہم ملک میں صاف وشفاف الیکشن چاہتے ہیں، اپنا کوئی سیاسی فائدہ نہیں دیکھ رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کوئی جلدی نہیں، وقت ہمارا ساتھ دے رہا ہے، پنجاب میں حکومت بناتے ہی اسمبلی تحلیل کرنا ضروری نہیں، پنجاب میں حکومت بنانے کے بعد بھی صورتحال دیکھی جا سکتی ہے، ہمارے ملک کیلئے شفاف الیکشن ضروری ہیں، آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو گیا لیکن روپے کی بے قدری جاری ہے۔
دریں اثنا چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیرِصدارت پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے چوہدری پرویز الہٰی کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب نامزدگی کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔ کور کمیٹی اجلاس میں ضمنی انتخاب میں تاریخی کامیابی اور بعد کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کور کمیٹی اجلاس میں آئندہ کی تنظیمی و سیاسی حکمت عملی پر بھی گفتگو کی گئی جس میں ضمنی انتخابات کے بعد سندھ میں بلدیاتی اور ضمنی انتخابات پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اجلاس میں سندھ کے انتخابات بارے حکمتِ عملی کے اہم نکات کی بھی منظوری دی گئی ۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/asad-umer-pervaiz-pn.jpg