
پشاور کی پولیس لائنز مسجد میں ہونےوالے دھماکے کی تحقیقات کے دوران اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے، تحقیقاتی ٹیم نے حملہ آور کا خاکہ بھی تیار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے خود کش حملے کی ابتدائی تحقیقات کے بعد کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے حملہ آور کا خاکہ جاری کردیا ہے،پولیس کی جانب سے جاری کردہ انتہائی مطلوب دہشت گرد کے جاری کردہ خاکے میں خودکش بمبار اور اس کے سہولت کار کے حوالے سے معلومات شیئر کی گئی ہیں ۔
پوسٹر میں کہا گیا ہے کہ پولیس لائنز مسجد میں خود کش دھماکے کے دوران کثیر تعداد میں نمازی شہید اور زخمی ہوئیں، خود کش بمبار اور اس کے سہولت کاروں کے بارے میں معلومات دینے والے کو ایک کروڑ کا نقدانعام دیا جائے گا اورمعلومات دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
دوسری جانب پشاور سانحے کے بعد پولیس نے نیا سیکیورٹی پلان بھی تیار کرلیا ہے جس کے حوالے سے سپرٹنڈنٹ پولیس ہیڈکوارٹر کی جانب سے پولیس لائن کو مراسلہ بھی ارسال کردیا گیا ہے، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے مسجد میں اہلکاروں کے اسلحہ اور حفاظتی جیکٹ لے جانےپر پابندی عائد کردی گئی ہے نا ہی مسجد میں اہلکار ہیلمٹ کے ساتھ داخل ہوسکیں گے، مسجد میں داخل ہونے والے تمام نمازیوں کو جامع تلاشی دینا ہوگی۔