وینیٹی نمبرپلیٹس سکیم، متنازع شخصیت مفتی قوی سفیر مقرر، حکومت کی تردید

muftiah11i.jpg


محکمہ ایکسائز پنجاب کی طرف سے آئندہ ہفتے سے وینیٹی نمبر پلیٹس کی سکیم شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کیلئے مفتی قوی کو سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم پنجاب کی وزیراطلاعات عظمی بخاری کی طرف سے خبر کی تردید کی گئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق محکمہ ایکسائز پنجاب نے آئندہ ہفتے سے وینیٹی نمبر پلیٹس کی سکیم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے جس کے لیے 3 کیٹیگریز رکھی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر ایکسائز محمد آصف کی طرف سے وینیٹی نمبر پلیٹس کی سکیم آئندہ ہفتے سے شروع کی جا رہی ہے جس کے لیے ایک متنازع شخصیت مفتی قوی کو سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ سکیم کے تحت شہری اپنی گاڑیوں کے لیے مرضی کے نام اور نمبر والی نمبرپلیٹس بنوا سکیں گے جس کے لیے 3 کیٹیگریز متعارف کروائی گئی ہیں۔

ڈائریکٹر ایکسائز کا کہنا تھا کہ گولڈ کیٹگری نمبر پلیٹ 5 لاکھ روپے، پلاٹینم کیٹگری کی نمبرپلیٹ 50 لاکھ روپے اور کارپوریٹ نمبر پلیٹس 1 کروڑ روپے میں بنوائی جا سکیں گے جو گاڑی کے مالک کی ملکیت ہوں گی۔ وینیٹی نمبرپلیٹس کے حامل شہریوں کا ڈیٹا محکمے کے پاس موجود ہو گا اور جعلی نمبرپلیٹس پکڑنے کے لیے بھی مربوط حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔

دوسری طرف حکومت پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں خبر کی تردید کرتے ہوئے لکھا: پنجاب حکومت کی طرف سے ایسی کوئی تقرری نہیں کی گئی۔
https://twitter.com/x/status/1833173113099465126
انہوں نے مزید کہا کہ محکمے میں موجود کسی شخص نے بغیر حکومتی اجازت اس طرح کی حرکت کی ہے تو اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب نے اس معاملے کا سخت نوٹس لیا ہے!

عظمی بخاری کا بیان سامنے آنے کے تھوڑی دیر بعد ڈائریکٹر ایکسائز محمد آصف کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔