
کراچی میں 13 سالہ بچی کے اہلخانہ کی جانب سے معافی کے بعد متاثرہ بچی کی نازیبا ویڈیو اور تصاویر وائرل کرنے والا ملزم رہا ہوگیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی مکیش کمار کی عدالت میں 13 سالہ بچی کی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر بنا کر مبینہ طور پر بلیک میلنگ کے کیس کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت بچی کے خاندان نے ملزم کو غیر مشروط طور پر معاف کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد عدالت نے ملزم کو رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
فیصلہ سناتے ہوئے فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ ملزم اس کیس میں ایک سال کا عرصہ جیل میں گزار چکا ہے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے ملزم عبدالقیوم کو گرفتار کیا تھا جس کے خلاف چائلڈ پورنو گرافی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ملزم کے خلاف مقدمہ دائر کرنے والے خاندان نے موقف اپنایا کہ ملزم بچی کو پڑھانے گھر آیا کرتا تھا اور کورونا کے دنوں میں آن لائن ٹیوشن بھی دیا کرتا تھا، ملزم نے بچی کو ہراساں کرکے اس کی غیر اخلاقی تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کی اور بعد میں اس مواد کی بنیاد پر اسے بلیک میل کرنے لگا۔
ملزم نے بچی کے اہلخانہ سے پیسوں کا تقاضے بھی شروع کردیئے اور انکار پر بچی کی والدہ کو غیر اخلاقی تصاویر بھی بھیجیں، بلیک میلنگ اور ہراسگی سے تنگ آکر خاندان نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں درخواست دائر کی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/mail-and-moblie-jl.jpg