
ن لیگ نے تحریک انصاف کے کون سے منحرف اراکین کو ٹکٹ جاری کرنے کی منظوری دیدی؟
تحریک انصاف سے منحرف ہونے والے 10 میں سے 9 منحرف اراکین کو ٹکٹ جاری کرنے کی منظوری : ذرائع
سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہرخاور مانیکا کے بھائی احمد رضا مانیکا اور مسلم لیگ ن کی طرف سے پی ٹی آئی کی کے دوراقتدار میں ہونے والی کرپشن کی مرکزی کردار فرح گوگی کے سسر چوہدری محمد اقبال گجر کے علاوہ تحریک انصاف کے 9 منحرف اراکین کو ٹکٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف سے منحرف ہونے والے 10 میں سے 9 منحرف اراکین کو ٹکٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قومی وصوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کی لسٹ میں قومی اسمبلی کے حلقہ NA-96 سے طلال احمد چوہدری اور نواب شیر وسیرکا فیصلہ اب تک نہیں ہوا۔ تحریک انصاف کے جن منحرف اراکین کے نام منظور کیے گئے ان میں فیصل آباد کے حلقہ سےپی ڈی ایم کی 16 ماہ کی حکومت قائد حزب اختلاف رہنے والے راجہ ریاض کو بھی ٹکٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے دیگر منحرف اراکین میں NA-166 بہاولپور سے سید سمیع الحسن گیلانی، NA-169 رحیم یار خان سے سید مبین، NA-153 سے رانا قاسم نون، NA-148 ملتان سے احمد حسین، NA-178 سے عامر گوپانگ، NA-176 مظفرگڑھ سے سید باسط بخاری ، NA-160 بہاولنگر سے عبدالغفار وٹو، NA-189 راجن پور سے ریاض مزاری کو ٹکٹ جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ ن نے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے جن میں بہت سے سیاسی خاندان ایک سے زیادہ ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے اور پارٹی کے متعدد مضبوط امیدواروں کو ٹکٹ نہ دے کر غیرمعروف طاقتور لوگوں کو ٹکٹ سے نواز گیا ہے۔ پارٹی بیانیے کی مخالفت میں دوسری پارٹیوں میں جانے والے کچھ امیدوار بھی ٹکٹ لینے میں کامیاب ہوئے جس پر سنجیدہ سیاسی حلقے ن لیگ کی حکمت عملی پر سوال اٹھا رہے ہیں۔