سینئر صحافی و تجزیہ کار نجم سیٹھی نے سابق وزیراعظم عمران خان کو زبردستی سعودی عرب بھیجنے کا عندیہ دیدیا ہے۔
اپنے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہ موجودہ صورتحال میں یہ حل پیش کیا گیا کہ ہوسکتا ہے عمران خان کو کسی دوسرے ملک منتقل کردیا جائے، مگر ہم سمجھتے تھے کہ عمران خان کسی دوسرے ملک نہیں جائیں گے بلکہ وہ ڈٹے رہیں گے اور نواز شریف والا فارمولا یہاں نہیں چلے گا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ آگے سے جواب یہ ملا کہ عمران خان کو پوچھے گا کون انہیں جہاز میں بٹھا کربھیج دیا جائے گا اور انہیں پوچھنے کی نوبت ہی نہیں آئے گی۔
نجم سیٹھی نے بتایا کہ اس پرسوال یہ پوچھا گیا کہ عمران خان کو باہر کہاں بھیجا جائے گا؟ کیا انہیں لندن بھیجا جائے گا یا کسی اور ملک بھیجا جائے گا؟جواب ملا کہ انہیں سعودی عرب بھیجا جائے گا۔
سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ اب سعودی عرب بھیجا جائے گا تو عمران خان کے محمد بن سلمان کے ساتھ تعلقات کچھ زیادہ اچھے نہیں ہیں، سب کو معلوم ہے تو سعودی عرب انہیں کیسے لے گا؟ ریاست کے درمیان کچھ تعلقات ایسے ہوتے ہیں، اس میں ایک صورت ہوسکتی ہے کیونکہ امریکہ کی نئی ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ اور ہماری اسٹیبلشمنٹ کے محمد بن سلمان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں تو یہ سمجھوتہ ہوسکتا ہے کہ امریکہ کہہ دے عمران خان کو سعودی عرب بھیج دیا جائے اوریہ بھی کہہ دیں کہ سعودی عرب پر بھروسہ کیا جاسکتا ہے کہ وہاں عمران خان کو نواز شریف کی طرح خاموش کرکے بٹھایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوگیا تو ڈونلڈ ٹرمپ کی عزت رہ جائے گی کہ ان کے کہنے پر عمران خان کو نکال دیا گیا اور تینوں ممالک یہ فیصلہ کرلیں کہ عمران خان کو سعودی عرب منتقل کردیا جائے۔