نان فائلرز کیلئے بری خبر، چیئرمین ایف بی آر نے سمز بلاک کرنےکی منظوری دیدی

9fbrbbtaxaxsimmsbllmanzori.png

چیئرمین وفاقی بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے پانچ لاکھ نان فائلرز کے نام پر رجسٹرڈ موبائل سمز بلاک کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیور نے ملک بھر میں 20 لاکھ ٹیکس چوروں کی نشاندہی کردی ہے جس کے بعد ان ٹیکس چوروں کی موبائل سمز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم موبائل کمپنیوں نے ایف بی آر سے درخواست کی ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں سمز کو بلاک کرنا کمپنیوں کیلئے نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔

موبائل کمپنیوں کی درخواست پر سمز بلاک کرنے کے عمل کو مختلف مراحل میں تقسیم کردیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں پانچ لاکھ صارفین کی سمز بلاک کی جائیں گی، چیئرمین ایف بی آر نے اس اقدام کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد ایف بی آر نے اس حوالے سے رولز تیار کرکے متعلقہ افسران کو بھجوادیئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے مشاورت کے بعد 4 لاکھ انڈر فائلرز کی شناکت کرلی ہے، یہ قابل ٹیکس آمدنی رکھنے کے باوجود ٹیکس ادا نا کرنے والے صارفین ہیں، ان صارفین کو ایف بی آر کی جانب سے نوٹس بھجوائے گئے تھےمگر انہوں نے اس کے باوجود ٹیکس ریٹرنز جمع نہیں کروائے ، ایک لاکھ افراد ایسے ہیں جن کی شناخت ایف بی آر کے براڈننگ ٹو ٹیکس بیس کے ذریعے کی گئی، ان پانچ لاکھ افراد کے نام پر رجسٹرڈ موبائل سمز کو بلاک کردیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹیکس چوروں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، ایف بی آر نان فائلرز کے سم کارڈ بلاک کرنے کے علاوہ ان کے ناموں پر موجود بجلی و گیس کی کنکشنز بھی منقطع کرنے کا اختیار رکھتا ہے، ملک بھر میں ٹیکس گوشوارے جمع نا کروانے والوں کے خلاف ایکشن کی تیاریں کرلی گئیں ہیں اور 145 ڈسٹرکٹ ٹیکس آفیسرز کو خصوصی اختیارات دے دیئے گئے ہیں جو نان فائلرز کے خلاف سیکشن 114 بی کے تحت کارروائی عمل میں لائیں گے۔