
چودھری پرویز الٰہی، ان کے صاحبزادے مونس الٰہی اور محمد خان بھٹی کی ڈیل زبیر خان نے کروائی تھی : ذرائع
محکمہ اینٹی کرپشن نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے صاحبزادے چوہدری مونس الٰہی کے قریبی دوست و فرنٹ مین زبیر خان کو کروڑوں روپے کی رشوت خوری کے الزام میں گرفتار کر لیاہے۔ ترجمان اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق کروڑوں روپے کی کرپشن پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب، ان کے صاحبزادے مونس الٰہی، محمد خان بھٹی اور زبیر خان کیخلاف ساڑھے 12 کروڑ روپے رشوت لینے کے الزام پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ترجمان کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی اینڈ کمپنی نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے ذریعے غیرملکی کمپنی کی واجب الادا 2 ارب 90 کروڑ کی رقم ادائیگی کرنے کی عوض لی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی، ان کے صاحبزادے مونس الٰہی اور محمد خان بھٹی کی ڈیل زبیر خان نے کروائی تھی جس کے ٹھوس شواہد موجود ہیں جن کی بنا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق غیرملکی کمپنی کی واجب الادا رقم کے عوض ساڑھے 6 کروڑ روپے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی، 5 کروڑ روپے مونس الٰہی اور محمد خان بھٹی جبکہ 50 لاکھ روپے زبیر خان نے وصول کیے۔ ملزمان کی طرف سے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا گیا، سابق وزیراعلیٰ نے سابق سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کمپنی علی انان قمر پر دبائو ڈالا اور 2 ارب 90
کروڑ روپے کی فوری ادائیگی کروائی۔
دریں اثنا سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پی ٹی آئی کروڑوں روپے رشوت وصول کرنے کے مقدمے میں لاہور کی خصوصی اینٹی کرپشن عدالت میں عبوری ضمانت حاصل کرنے کیلئے پیش ہوئے ۔ اینٹی کرپشن کی خصوصی عدالت کے جج علی رضا کی طرف سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری کی 27 اپریل تک کیلئے عبوری ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔