مودی مخالف پوسٹرز، بھارت میں 100 سے زائد مقدمات درج، 6 افراد گرفتار

7modimukalfpsters.jpg


بھارت میں وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف پوسٹرز لگانے پر پولیس نے 100 سے زائد مقدمات درج کرکے اب تک 6 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس نے وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف پوسٹرز لگانے کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے، ابتدائی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ تقریبا 1 لاکھ پوسٹرز چھپوانے کا آرڈر2 پرنٹنگ پریس کو دیا گیا ، پولیس نے کریک ڈاؤن کے دوران ایک وین سے10 ہزار سے زائد پوسٹرز بھی برآمد کرلیے ہیں۔

اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے اسپیشل سی پی دپندرا پاٹھک نے خبررساں ایجنیٹ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے اس معاملے پر 100 سے زائد مقدمات درج کرکے اب تک 6 افراد کو گرفتار کرلیا ہے،مقدمات پرنٹنگ پریس ایکٹ اور ڈیفیسمنٹ آف پراپرٹی ایکٹ کے تحت درج کیے گئے۔


بھارت میں نریندر مودی کی اپوزیشن سیاسی جماعت نےاس حوالے سے حکومت پر آمریت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان پوسٹرز میں کونسی بات قابل اعتراض ہے، مودی جی نے 100 سے زائد ایف آئی آرز درج کروادیں، مودی جی جانتے نہیں ہے کہ بھارت ایک جمہوری ملک ہے، وزیراعظم ایک پوسٹر سے خوف زدہ ہوگئے؟


خیال رہے کہ نئی دہلی میں مختلف مقامات پر نریندر مودی مخالف پوسٹرز چسپاں کیے گئے تھے جن پر "مودی ہٹاؤ، ملک بچاؤ" کے نعرے تحریر کیے گئے تھے۔