
پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنماؤں میں اختلاف پر پارٹی قائد میاں نواز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے اختلافات ختم کرنے کی ہدایات دیدی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا اور سندھ کے رہنماؤں میں اختلافات پر نواز شریف نے نوٹس لے لیا ہے اور صوبائی تنظیموں کے مکمل طور پر متحد نا ہونے تک دونوں صوبوں کا دورے نا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور دونوں صوبوں کے دوروں کو اختلافات ختم کروانے سے مشروط کردیا ہے۔
نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں میں اختلافات ختم کروانے اور ناراض رہنماؤں کو دوسری جماعتوں میں شمولیت سے روکنے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں، اس حوالے سے سندھ کے صوبائی صدر بشیر میمن کو اہم ذمہ داری سونپ دی گئی ہے بشیر میمن ناراض پارٹی رہنماؤں کو منانے کیلئے سرگرم ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں اختلافات ختم کروانے کی ذمہ داری نواز شریف کے داماد کیپٹن(ر) صفدر کو دی گئی ہے جنہوں نے نا صرف پارٹی رہنماؤں میں اختلافات ختم کروانے کیلئے بلکہ الیکٹیبلز کی پارٹی میں شمولیت اور سیاسی خاندانوں کی حمایت کیلئے بھی کوششیں شروع کردی ہیں۔