
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی پر تین اعتراضات سامنے آگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے پنجاب کے حلقہ پی پی 163 سے انتخاب لڑنے کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائےتھے ، ریٹرننگ افسر عثمان سکندر کے دفتر میں کاغذات کی جانچ پڑتا ل کے دوران پی ٹی آئی کے امیدوار لالا اسد اللہ کے وکلاء نےمریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر تین اعتراضات لگادیئے۔
مخالف امیدوار کے وکلاء کی جانب سے مریم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی پر تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کے شناختی کارڈ اوتھ کمشنر سے تصدیق نا ہونے پر اعتراض لگایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ لالا اسد اللہ کی جانب سے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع کروائے گئے بیان حلفی سمیت دیگر کاغذات بھی اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ نا ہونے کااعتراض لگایا ہے۔
تیسرا اعتراض مریم نواز شریف کی جانب سے کاغذات نامزدگی میں اس دعوے پر لگایا گیا ہے جس میں مریم کا کہنا ہے کہ ان کی پاکستان میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہے، اعتراض کنندہ نے موقف اپنایا ہے کہ مریم نے اپنےکاغذات میں کروڑوں روپے کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔
مریم نواز شریف نے پی ٹی آئی امیدوار کی جانب سے عائد اعتراضات کو مسترد کردیا ہے، ن لیگی وکلاء کا موقف ہے کہ پی ٹی آئی امیدوار نے شہرت حاصل کرنے کیلئے بے بنیاد اعتراضات لگائے ہیں، مریم نواز شریف کے دیگر حلقوں میں جمع کروائے گئے کاغذات منظور ہوچکے ہیں۔
دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد ریٹرننگ افسر عثمان سکندر نے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کرنے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/10marymkjagazaat.jpg