
محکمہ کسٹمز نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے لندن سے چوری ہونے والی گاڑی برآمد کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کسٹمز انفورسمنٹ نے کراچی کے علاقےڈیفنس اور کلفٹن میں کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپےمالیت کی2 غیر قانونی گاڑیاں برآمد کیں، بعد ازاں پتا چلا کہ ان میں سے ایک گاڑی لندن سےچرائی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق کسٹمز انفورسمنٹ اینٹی اسمگلنگ کی ٹیم نے خفیہ اطلاع ملنے پر ڈیفنس فیز2 کے ایک بنگلےپر چھاپہ مارا، بنگلہ جمیل شفیع نامی شخص کا تھا جس میں ایک بیش قیمت گاڑی موجود تھی، اینٹی اسمگلنگ ٹیم نے جب ملزم سے گاڑی کےبابت سوال کیےاور کاغذات طلب کیے تو اس نے بتایا کہ نوید بلوانی نامی ایک شخص نے اسے یہ گاڑی دلوائی ہے۔
ملزم نے کہا کہ نوید نے مجھے گاڑی کے تمام کاغذات نومبر کے مہینے تک فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی،کسٹمز حکام نے ملزم کے بیان کی روشنی میں نوید بلوانی کو طلب کرکے پوچھ گچھ کی تاہم وہ بھی اس حوالے سےتسلی بخش جواب نہ دےسکا، گاڑی پر لگی پلیٹ پر درج نمبر کا ایکسائز میں بھی کوئی ریکارڈ نہیں ملا۔
کسٹمز انفورسمنٹ اینٹی کرپشن کی ٹیم نے ملزم جمیل شفیع کو نوید بلوانی کو گرفتار کرتے ہوئے گاڑی اپنی تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے، گاڑی کو کسٹمز ویئرہاؤس میں منتقل کردیا گیا تھا، کسٹمز حکام کے مطابق یہ گاڑی لندن میں چوری کی گئی اور جعلی دستاویزات بنا کر پاکستان امپورٹ کیا گیا۔