
صوبائی دارالحکومت لاہور میں کوڑا ٹیکس لگانے سے 12 ارب روپے اکٹھے کیے جا سکتے ہیں: ایل ڈبلیو ایم سی
نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی صدارت میں صاف ستھرا پنجاب پر اجلاس میں 1 مہینے میں پنجاب میں صفائی کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا جس میں ضلعی انتظامیہ ومتعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی تھی کہ 1 مہینے میں عوام کو ٹوٹی گلیوں، ابلتے گٹروں اور گندگی سے نجات دلوائی جائے۔
دوسری طرف صوبائی دارالحکومت میں کوڑاکرکٹ اٹھانے کیلئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) نے ماہانہ بنیادوں پر ہر گھر سے 250 سے 2 ہزار روپے تک ٹیکس عائد کرنے کی سفارشات پیش کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایل ڈبلیو ایم سی کی طرف سے سفارش کی گئی ہے کہ لاہور شہر کے ہر گھر پر کوڑا کرکٹ اٹھانے کی مد میں اڑھائی سو سے 2 ہزار روپے تک ٹیکس عائد جائے اور کمرشل کیلئے 500 سے 10 ہزار روپے تک کا ماہانہ ٹیرف عائد کرنے کی سفارش کی گئی۔ ایل ڈبلیو ایم سی نے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ لاہور میں کوڑا ٹیکس لگانے سے 12 ارب روپے اکٹھے کیے جا سکتے ہیں۔
ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق کوڑا ٹیکس لگانے سے حکومتی خزانے پر ادارے کے بوجھ میں کمی آئے گی جس کے اخراجات سالانہ 17 ارب روپے تک ہو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے صفائی ستھرائی کے علاوہ کمرشل ایریاز میں دکانوں کے باہر سامان رکھنے پر شہریوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لے کر انتظامیہ کو تجاوزات ختم کرنے کیلئے بھی 1 مہینے کی مہلت دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے شہریوں نے شکایت کی تھی کہ دکاندار سامان باہر رکھ دیتے ہیں، ٹھیلے اور ریڑھی والوں کی تجاوزات سے آمدروفت میں مشکلات اور حادثات پیش آتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بازاروں میں ٹریفک کی بندش دور کی جائے اور سامان دکانوں کی حدود میں رکھا جائے، 1 مہینے میں شہریوں کی شکایات کا ازالہ کر کے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12lwmcjhjjshjsjh.png