
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اگر لاشیں گریں گی تو سب گھر جائیں گے اور یہاں جھاڑو پھر جائے گی، یہ لوگ اپنی سیاسی قبر کھود رہے ہیں۔
جیونیوز کے پروگرام "نیا پاکستان" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر میں بدھ تک گرفتار نا ہوا تو راولپنڈی میں عمران خان کے مارچ کا استقبال کروں گا اور استقبال کرنےو الے اتنے لوگ ہوں گے کہ اب تک کوئی اس مارچ میں اتنے بندے نہیں لایا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں کوئی بھی چیز پوائنٹ آف نو ریٹرن تک نہیں ہوتی، یہ ملکی ادارے ہیں ان کی بہت بڑی ذمہ داری ہے، ان ذمہ داریوں میں قومی سلامتی، عوام کی جان و مال کا تحفظ بھی شامل ہے، بہت اچھی بات ہے کہ یہ عہد کیا گیا ہے سیاست میں مداخلت نہیں ہوگی، اگر اسلام آباد کےاندر سے 10 ،15 ہزار بندے نکل آئے تو یہ حکومت ان پر ڈرون سے حملے کرےگی؟ اگر ایسا ہوگا تو عوام انہیں نہیں چھوڑے گی، انہیں دفتروں سے باہر نکال لیا جائے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس وقت الیکشن کی تاریخ پر بات کرنی چاہیے، اسی میں سب کا فائدہ ہے ، لانگ مارچ کو اسلام آباد داخلےسے کوئی نہیں روک سکتا، ایک بھی لاش گرگئی تو یہ بھاگ نہیں سکیں گے، ہم نے احتجاج کو پرامن رکھنا ہے، دنیا کی کوئی طاقت ہمیں اسلام آباد داخلے سے نہیں روک سکتی، رانا ثنااللہ معاملات ٹھیک کرنے کے بجائےخراب کررہے ہیں۔