اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو جھوٹ پر مبنی نکلی، اسکواش لیجنڈ کے قریبی دوست احسان اللہ نے خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سابق عالمی چیمپئن کسی ایسی بیماری یا پریشانی میں مبتلا نہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق عالمی چیمپیئن جان شیر خان کے حوالے سے وائرل ہونے والی ویڈیو کے سبب اسکواش لیجنڈ کے عزیز و اقارب اور لاکھوں چاہنے والے مداح شدید کوفت اور ذہنی اذیت کا شکار ہوگئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ جان شیر خان پارکنسن نامی جسمانی بیماری میں مبتلا ہو گئے ہیں جس کے باعث وہ مسجد میں بیٹھے غیر معمولی جسمانی حرکات کرتے ہوئے دکھائے گئے ہیں حالانکہ وہ بالکل تندرست ہیں اور گھٹنوں کی معمولی بیماری کا شکار ہیں۔
سابق ورلد چیمپئن جان شیر خان کے دوست احسان اللہ نے کہا ہے کہ جس نے بھی ان کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے کی کوشش کی ہے اس نے یہ بہت غلط حرکت کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جان شیر خان بالکل ٹھیک ٹھاک اور میرے لولی برادر ہیں۔ وہ میرے ساتھی اور بچپن کے دوست ہیں، انہوں نے بتایا کہ جان شیر خان ہشاش بشاش ہیں وہ صبح کے وقت چہل قدمی کرتے ہیں اور اس کے بعد انڈر 19 اور چھوٹے لڑکوں کو ٹریننگ کراتے ہیں۔
احسان اللہ نے کہا ہے کہ جس نے یہ کیا ہے اس نے بہت غلط کیا ہے حکومت کو چاہیے اس کے کرداروں کو سزا دے۔