اونٹوں کو باندھنے سے روکا گیا تو مبینہ طور پر ملازمین کو دھمکیاں دیتے ہوئے ان پر بندوق تان لی: ذرائع
پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے مقامی رہنما عمر لیاقت چٹھہ نے قربانی کیلئے لائے گئے جانور سرکاری دفتر کے باہر باندھ لیے جس کے باعث دفتر میں آنے جانے والے افراد شدید پریشانی کا شکار ہو نے لگے۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز نے انسپکٹر کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کے سرکاری دفتر کی فوٹیج حاصل کر کے جاری کر دی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دفتر کے گیٹ پر جانوروں کیلئے چارہ بھی رکھا ہوا ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ چک جھمرہ عمر لیاقت چٹھہ کی طرف سے سرکاری دفتر کے باہر مبینہ طور پر عیدالاضحی پر قربانی کے لیے لائے گئے 2 اونٹ باندھ کر رکھے گئے ہیں جبکہ عمر لیاقت چٹھہ کی گاڑی بھی وہاں پر موجود ہے۔
ملازمین کی طرف سے ایک شکایت یہ بھی سامنے آئی ہے کہ وہ اپنی گاڑی دفتر کے اندر آکر کھڑی کر دیتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمر لیاقت چٹھہ نے پہلے دونوں اونٹوں کو دفتر کے گیٹ سے باندھ دیا تھا، ہٹانے کا کہنے پر دفتر کے احاطے میں کھڑے کر دیئے جہاں اپنی گاڑی بھی بہت دنوں سے یہیں کھڑی کر رکھی ہے۔
عمر لیاقت چٹھہ کو دفتر میں اونٹوں کو باندھنے سے روکا گیا تو مبینہ طور پر ملازمین کو دھمکیاں دیتے ہوئے ان پر بندوق تان لی جس پر 15 پر کال کی گئی لیکن درخواست پولیس سٹیشن جمع کروانے کا کہا گیا۔
سب انسپکٹر کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز وقاص نے عمر لیاقت چٹھہ کے خلاف درخواست پولیس سٹیشن چک جھمرہ کے ایس ایچ او کو دے دی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمر لیاقت اس سے پہلے اپنے کتوں کو بھی مین گیٹ پر باندھتے رہے ہیں جس پر تمام ملازمین بھی پریشان رہتے ہیں۔ مقدمہ درج ہونے کے باوجود ان کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی نہ ہی جانور وہاں سے ہٹائے گئے۔