
فلم جوائے لینڈ کی ریلیز میں پابندی کیلئے جہاں ایک طرف آواز اٹھائی جا رہی ہے وہیں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اس کے حق میں بھی سامنے آ رہے ہیں۔ اب سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بھی اس کے حق میں آواز اٹھائی ہے۔
پی پی رہنما و سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اس پر مذہبی طبقے کی پریشانی پر کہا کہ مولوی حضرات بھی شوشہ چھوڑنے سے باز نہیں آتے۔ کچھ نہیں تو جوائے لینڈ فلم پر بتنگڑ بنا دیا۔ یہ آخر نوے فیصد سے زائد مسلمانوں کے ملک میں اسلام کیوں خطرے میں رہتا ہے؟
انہوں نے کہا ایک فلم ہماری اقدار کو کیسے خطرے میں ڈال سکتی ہے؟ ملاں اطمینان رکھے ہمارا ایمان اس کی توقع سےبھی زیادہ مضبوط ہے۔
https://twitter.com/x/status/1592011756653928448
جبکہ اسی پر ردعمل میں فواد چوہدری نے لکھا کہ اس طرح کی زیادہ تر کمپین آپس کی کاروباری دشمنی ہے، ایک پارٹی پیسہ لگاتی ہے کہ دوسرے کی ریلیز میں دیر ہو جائے کیونکہ سینما اسکرین محدود ہیں اور زیادہ تر لوگ وہ شامل ہوتے ہیں جنہیں پتہ ہی نہیں ہو گا کہ فلم ہے کیا کمزور وزیر ہو تو دباؤ میں آ جاتا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1592026320799760384
سوشل میڈیا ایکٹوسٹ اسما اعظم نے لکھا کہ ڈاکٹر عبدالسلام اور ملالہ کو نوبل پرائز ملا ہم نے انہیں اپنانے سے ہی انکار کر دیا۔ اب ایک فلم کے آسکر ایوارڈ کے چانسز بنے ہم نے فلم پہ ہی پابندی لگا دی۔
انہوں نے کہا بس لگے رہو کیلوں کا رخ کعبے کی طرف کرنے، کل ملا کر ہم نے یہی سب کچھ حاصل کیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1591932677686714369
یاد رہے کہ فلم کی کہانی ایک نوجوان اور ٹرانس جینڈر کے گرد گھومتی ہے جوکہ ڈانس کلب میں ملازمت کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔ فلم کو کانز فلم فیسٹیول میں ’کانز: کوئیر پام‘ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جو کہ مخنث افراد کی کہانیوں پر مبنی فلموں کو دیا جاتا ہے۔
تاہم متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد وزارت اطلاعات ونشریات نے فلم جوائے لینڈ کی ملک بھر کے سنیما میں نمائش پر پابندی عائد کرتے ہوئے فلم کو جاری کردہ سنسربورڈ کا سرٹیفیکیٹ منسوخ کردیا ہے۔
صائم صادق کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں جو فلم کی پاکستان میں ریلیز کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان میں جوائے لینڈ کو رواں ماہ 18 نومبر کو ریلیز کیا جانا تھا۔