
پنجاب ایجوکیشن کریکولم، ٹریننگ اور اسیسمنٹ اتھارٹی کی طرف سے فرسٹ ائیر کی کیمسٹری کی کتاب میں ایک سنگین غفلت سامنے آئی ہے، جہاں شاہی قلعہ لاہور کی بجائے دہلی کے لال قلعہ کی تصویر شائع کر دی گئی ہے۔
یہ غلطی کیمسٹری کی کتاب کے ماحولیات سے متعلق باب میں اسموگ کے موضوع کے تحت کی گئی، جہاں دہلی کے لال قلعہ کی تصویر شامل کی گئی ہے لیکن اس تصویر کے نیچے "شاہی قلعہ لاہور" درج ہے۔ یہ نہ صرف ایک تاریخی غلطی ہے بلکہ طلبہ میں غلط معلومات پھیلانے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔
غلطی منظرعام پر آنے کے بعد صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے، ذمہ داروں کا تعین انکوائری کے بعد کیا جائے گا، اور حقائق سامنے آنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔"