غریب عوام کے لیے اسکول ضروری ہے، سڑکیں نہیں:گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان

1736845975714.png


گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ایک بار پھر اپنی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ن) اور مرکز پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 17 ہزار سرکاری سکولوں کو پرائیویٹ کرنے کے نتیجے میں تعلیم غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوگئی ہے۔ گورنر نے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑنا ضروری ہے اور یہ کہ صرف سڑکوں کی تعمیر سے عوام کی مشکلات حل نہیں ہوسکتیں۔


فتح جنگ اٹک میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے جوش میں آ کر کہا کہ اگر وہ حکومتی اقدامات کی تعریف کرتے اور خاموش رہتے تو انہیں کچھ سڑکیں مل جاتیں، لیکن وہ ہمیشہ غریب عوام کے حقوق کی بات کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ مظلوموں کے حق کے لیے نہ لڑ سکیں تو گورنر ہاؤس میں رہنے کا کوئی حق نہیں رکھتے۔


سردار سلیم حیدر خان نے یہ بھی کہا کہ اتحادی ہونے کے باوجود وہ غریب عوام کے حق کے لیے لڑ رہے ہیں اور اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان جاری مذاکرات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو اس عمل کو آگے بڑھانا چاہیے اور انتشار کی سیاست کو ختم کرنا چاہیے۔


گورنر پنجاب نے آخر میں کہا کہ پیپلز پارٹی کے ورکرز ان کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
 
Last edited by a moderator:

Back
Top