
پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی سے بہتر پاکستان کی تباہی کے مشن پہ کام کرنے والا پاکستان دشمنوں کو دستیاب نہیں ہو سکتا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے ایک ورکر کا ویڈیو پیغام شیئر کیا گیا جس میں نوجوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں وہ پاکستان کو ایک خوددار ملک بنانا چاہتے ہیں۔ غلامی زنجیریں توڑیں اور اپنی آنے والی نسلوں کیلئے عمران خان کا ساتھ دیں۔
https://twitter.com/x/status/1502852922668953603
لیگی رہنما احسن اقبال نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں پاکستان تحریک انصاف کی ٹوئٹ شیئر کرتے ہوئے پی ٹی آئی ورکر کو جواباً کہا کہ عمران نیازی سے بہتر پاکستان کی تباہی کے مشن پہ کام کرنے والا پاکستان دشمنوں کو دستیاب نہیں ہو سکتا جس نے اپنی نااہلی،نالائقی،انا پرستی، غرور اور نفرت کی سیاست سے ملک کی معیشت کا ستیاناس کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں محاذ آرائی کو فروغ دیا،ادارے تباہ کر دئیے، سیاسی اور بنیادی حقوق پامال کئے۔
https://twitter.com/x/status/1502957719787089921
اس سے قبل احسن اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کسی سیاسی تبدیلی کی تحریک نہیں عوام کی تحریک ہے، یہ تحریک پاکستان میں آئین و جمہوریت کو بچانے کی تحریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ حکومت رخصت نہ ہوئی تو ملک دلدل میں دھنس جائے گا، آج پاکستان کی تمام سیاسی و جمہوری قوتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہوئی ہیں، آئین و عوام کے مفاد کے تحفظ کے لئے اس حکومت کو گھر بھیجنے کے لئے متحد ہے۔