وفاقی وزیر برائے کشمیر امور علی امین گنڈا پور نے مہنگائی کا مقابلہ کرنے کیلئے عوام کو روٹی اور چینی کا استعمال کم کرنے کا مشورہ دیا ہے ، ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے شروع ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مہنگائی کا ذمہ دار آصف علی زرداری اور نواز شریف کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام روٹی اور چینی کا استعمال کم کردیں تو مہنگائی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
علی امین گنڈا پور کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے اور کہا کہ وفاقی وزیر کو بجائے عوام کو مشورہ دینے کے مہنگائی کم کرنے کے اقدام کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔
صحافی وجاہت مسعود نے علی امین گنڈا پور کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی محترم وفاقی وزیر کو بتا دے کہ اس ملک کے کروڑوں عوام کی بنیادی خوراک روٹی ہی ہے۔ ہم غریب لوگ روٹی نگلنے کے لئے سالن کے نام پر چٹنی، اچار, پیاز یا چھاچھ استعمال کرتے ہیں۔
ایک صارف نے علی امین گنڈا پور پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر اگر تھوڑا شہد استعمال کرنے کا مشورہ دیتے تو اور اچھا ہوتا۔
مومنہ نقوی نامی صارف نے وزیراعظم عمران خان کے ایک دستر خوان کی تصویر شیئر کی جس پر انواح واقسام کے کھانے چنے ہوئے تھے اور کہا کہ وزیر عوام کو چینی اور روٹی کم کھانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
کمالاں نامی صارف نے کہا جتنی مہنگائی ہے اس میں ویسے ہی عوام صرف زندہ رہنے کیلئے ہی کھا سکتے ہیں۔
عمیزہ علی نے کہا کہ موصوف منسٹرخود عوامی خزانے کے پیسوں سے پیٹ بھر کر کھاتا پیتا ہے اور غریب عوام کو فاقے کی ترغیب دیتا ہے۔
رضوان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے فارمولا بتا دیا، صاف چلی شفاف چلی۔
ریا کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر کے مشورے کے مطابق عوام چائے میں چینی کے 100 دانوں کے بجائے91 دانے ڈالیں۔
ایک صارف نے وزیراعظم عمران خان کی کھانا کھاتے اور دستر خوان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کپتان اپنے وزیر کی نصیحت پر عمل کرتے ہوئے۔
علینہ حیات نے کہا کہ علی آمین گنڈاپور کی عوام کو مہنگائی سے بچنے کا بہترین مشورہ چینی استعمال کم کریں شوگر بھی کنٹرول ھوگا آٹے کا استعمال کم کریں بیماری اور پیٹ بڑھنے کا خطرہ بھی کم ھوگا۔