
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دوسری بار پارلیمنٹ سے منظور کردہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل نامنظور کرتے ہوئے واپس بھیج دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی نے چیف جسٹس آف پاکستان کے اختیارات میں کمی سے متعلق بل کو دوسری بار منظور کرنے سے انکار کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ یہ معاملہ ابھی عدالت میں زیر سماعت ہے لہذا بل پر مزید کوئی کارروائی مناسب نہیں ہے۔
صدر مملکت نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کی سمری واپس بھیجتے ہوئے اپنے جواب میں لکھا ہے کہ اس وقت اس بل کا معاملہ ملک کے اعلی ترین عدالتی فورم میں زیر سماعت ہے، معاملہ زیر سماعت ہونے کا احترام کیا جانا چاہیے۔
https://twitter.com/x/status/1648681577214353410
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے 28 مارچ کو چیف جسٹس آف پاکستان کے اختیارات میں کمی سے متعلق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کی منظوری دی تھی جس کے بعد حکومت نے پہلے قومی اسمبلی اور پھر سینیٹ سے اس بل کو منظور کرواکے صدر مملکت کو سمری بھجوادی، تاہم صدر مملکت نے اس سمری کو منظور کرنے سے انکار کرتے ہوئے بل نظر ثانی کیلئے واپس پارلیمنٹ کو بھجوادیا۔
حکومت نے اس بل کو چند ترامیم کے ساتھ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظور کرواکے صدر کو سمری بھیجی، قانون کے مطابق دوسری بار بھیجی گئی سمری اگر صدر مملکت مسترد کربھی دیں تب بھی یہ بل 10 دن بعد خود بخود قانون کی شکل اختیار کرلے گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/15drarfiallbscbillisgn.jpg