شیل پاکستان کا نام تبدیل کرکے "وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ" رکھنے کا فیصلہ

image-2025-01-14-231315979.png


شیل پاکستان لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کا نام تبدیل کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے مطابق اب یہ کمپنی "وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ" کے نام سے جانی جائے گی۔ یہ پیش رفت وافی انرجی ہولڈنگ لمیٹڈ کی جانب سے شیل کے مزید 22,165,837 عام حصص کے حصول کے بعد سامنے آئی ہے، جو کمپنی کے کل جاری کردہ حصص کے سرمائے کا تقریباً 10.36 فیصد ہیں۔

گزشتہ جولائی میں سعودی گروپ آصف ہولڈنگ نے وافی انرجی ہولڈنگ لمیٹڈ کے ذریعے شیل پاکستان لمیٹڈ کے 165,700,304 یا 77.42 فیصد حصص اور کنٹرول حاصل کیا تھا۔ نئے حصول کے بعد، وافی کے پاس اب شیل کے 187,866,141 عام حصص ہیں، جو کہ کمپنی کے کل جاری کردہ حصص کے سرمائے کا تقریباً 87.78 فیصد بنتے ہیں۔

شیل پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ، جو کہ شیل کی سابقہ پیرنٹ کمپنی تھی، نے شیل پاکستان میں اپنے تمام حصص فروخت کر دیے ہیں۔ اس تبدیلی کے نتیجے میں شیل پاکستان کے کچھ ڈائریکٹرز نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے، جن میں زین کے حق، رفیع ایچ بشیر، اور ڈاکٹر محمد محمود البلوشی شامل ہیں۔ ان کے استعفوں کے فوراً بعد غسان العمودی، جاوید اختر، اور کائی یوو ویٹرسٹائن کو بطور ڈائریکٹرز فوری طور پر مقرر کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں غسان العمودی کو فوری طور پر کمپنی کا چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔ نئے نام کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کمپنی کا ٹیکر یا ٹریڈنگ سمبل بھی "شیل" سے تبدیلی کر کے "ڈبلیو ای پی" میں تبدیل کیا جائے گا، جو کہ قانونی اور ریگولیٹری منظوریوں کی تکمیل کے بعد عمل میں آئے گا۔

یہ یاد رہے کہ گزشتہ سال جون میں شیل پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ اس کی پیرنٹ کمپنی شیل پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ نے پاکستانی ادارے میں اپنے حصص فروخت کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ شیل پاکستان نے اس پیش رفت کے بارے میں کہا تھا کہ اس کا موجودہ کاروباری آپریشنز پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور کمپنی کے کام جاری رہیں گے۔​
 

Back
Top