
نیب ترمیمی بل 2022 احتساب عدالت کی کارروائی کے آڑے آ گیا، نتیجے میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو بڑا ریلیف مل گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان اور ان کے بیٹے کو بڑا ریلیف مل گیا، لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر مل ریفرنس نیب کو واپس بھجوانے کا تحریری حکم جاری کر دیا۔
حمزہ شہباز نے احتساب عدالت پہنچ کر اپنی حاضری مکمل کرائی جبکہ وزیراعظم کی حاضری معافی درخواست جمع کرائی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ عدالت نے رمضان شوگر مل میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت پر دلائل سننے کے بعد کیس کو نمٹاتے ہوئے نیب حکام کو واپس بھجوا دیا۔
احتساب عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس 2022 کے بعد کیس اس عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، کیس کو متعلقہ عدالت بھجوایا جائے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ متعلقہ فورم میں کیس منتقل ہونے تک شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ضمانت دی جا رہی ہے۔
فیصلے میں یہ بھی کہا کہا چیئرمین نیب اس کیس کو متعلقہ فورم میں دائر کریں۔ نیب آرڈیننس کی دفعہ 5 میں 500 ملین سے کم رقم کی خورد برد کے معاملے پر کیسز کو دائرہ اختیار سے باہر قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملزمان پر تحصیل بھوانہ میں 10کلومیٹر طویل نالہ بنوانے سے قومی خزانے کو 21 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
Last edited: