سعودی عرب میں 32 سال سے رمضان میں مفت روٹی تقسیم کرنیوالے پاکستانی کی دھوم

fawahdaiaha.jpg

سعودی عرب؛ 32 سال سے رمضان میں مفت روٹی دینے والے پاکستانی نانبائی کی دھوم

سعودی میڈیا کے مطابق پاکستانی شہری نے رمضان المبارک میں ایک نئی مثال قائم کردی۔ محنت کش پاکستانی ایک نانبائی ہے اور روٹیاں فروخت کرکے اپنا اور اپنے گھر والوں کا پیٹ پالتا ہے ۔۔

یہ پاکستانی نانبائی گزشتہ 32 سالوں سے ہر رمضان المبارک میں مفت روٹیاں فراہم کرتا ہے۔ اس کے لیے وہ اپنی آمدن سے حصہ نکالتا ہے جب کہ مخیر حضرات بھی اس کار خیر میں شریک ہوتے ہیں۔

پاکستانی نانبائی نے عرب میڈیا گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 32 سال قبل یہاں آیا تھا اور تب سے نانبائی کا کام کر رہا ہے اور سعودی عرب میں اپنے پہلے رمضان سے ہی اس نے مفت روٹیاں دینا شروع کی تھیں۔

پاکستانی نانبائی نے بتایا کہ اسے حائل میں رہتے ہوئے 32 برس گزر چکے ہیں۔ زندگی کا بڑا حصہ اس شہرمیں گزارا ہے۔اس تمام عرصے میں ہررمضان میں باقاعدگی سے لوگوں کو مفت روٹی دیتا ہوں۔

پاکستانی شہری کا کہنا تھا کہ شروع میں کم لوگوں کو اس کا پتہ تھا لیکن جیسے جیسے شہرت ملتی رہی روٹیاں لینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا گیا۔ بعض لوگ بھی اس فلاحی کام میں اس کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔ وہ روٹی کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق رقم فراہم کرتے ہیں تاکہ اس نیک عمل میں اپنا حصہ شامل کریں۔

پاکستانی نانبائی کو اس خدمت پر نہ صرف سعودی میڈیا بلکہ مقامی سعودی حکام نے بھی سراہا۔